آئی فون سِکس اور ایپل واچ متعارف کرا دی گئی
10 ستمبر 2014
یہ نئی مصنوعات ایپل کمپنی کے کیلیفورنیا کے علاقے کیوپرٹینو میں واقع ہیڈکوارٹرز میں منعقد کی گئی ایک خصوصی تقریب میں متعارف کرائی گئیں۔
ایپل واچ
بازو پر باندھی جانے والی ڈیوائس ایپل واچ لچکدار ریٹینا ڈسپلے کی حامل ہے جس میں ایسے سینسرز نصب ہیں جو آپ کی صحت اور تندرستی کے حوالے سے ڈیٹا جمع کرتے رہتے ہیں۔
خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایپل کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو ٹِم کُک کا کہنا تھا کہ ایپل واچ ’ایپل کی طرف سے بنائی گئی اب تک کی سب سے زیادہ پرسنل ڈیوائس‘ ہے۔
ایپل واچ سے نہ صرف آپ فون کالز کر سکتے ہیں بلکہ اس سے ٹیکسٹ پیغامات بھی بھیج سکتے ہیں بلکہ دوستوں سے دیگر طریقوں سے رابطہ کرنے کے علاوہ انہیں اپنی موجودگی کے مقام کے بارے میں نقشے کی مدد سے آگاہ بھی کر سکتے ہیں۔ ایپل واچ کے بہت سے فیچرز میں سے یہ چند ایک ہیں۔
ٹچ اسکرین پر مشتمل اس ڈیوائس کی ایک جانب ’ڈیجیٹل کراؤن‘ بھی موجود ہے جو گھڑی کی چابی بھرنے جیسے بٹن کی طرح ہے مگر اسے آپ ایپل واچ کے مختلف فنکشنز یا آئیکونز تک پہنچنے یا نیویگیٹ کرنے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں تاکہ اسکرین آپ کو مکمل طور پر دکھائی دیتی رہے۔
ایپل واچ اگلے برس فروخت کے لیے پیش کی جائے گی اور اس کی قیمت متوقع طور پر 349 ڈالرز سے شروع ہو گی۔
آئی فون سِکس
ایپل ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب میں آئی فون کے دو نئے ورژن بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔ آئی فون سِکس اور آئی فون سِکس پلس کے ڈسپلے کا سائز ایپل آئی فون کا اب تک بڑا ترین سائز ہے۔ آئی فون سِکس کے ڈسپلے کا سائز 12 سینٹی میٹر یا 4.7 انچ جبکہ آئی فون سِکس پلس کے ڈسپلے کا سائز 14 سینٹی میٹر یا 5.5 انچ ہے۔
دونوں نئے آئی فونز کی موٹائی سابق ورژنز کے مقابلے میں کہیں کم یعنی بالترتیب 6.9 ملی میٹر اور 7.1 ملی میٹر ہے۔ دونوں فونز میں ایپل ہی کی ڈیزائن کردہ A8 چِپ نصب ہے۔ ایپل کے چیف ایگزیکیٹیو ٹِم کُک کے مطابق دونوں نئے ہینڈ سیٹ آئی فون کی تاریخ کی ٹیکنالوجی کے حوالے سے سب سے بڑی پیش قدمی ہیں۔
ایپل کے سینیئر وائس پریزیڈنٹ فِل شِلر کے مطابق یہ اب تک بننے والے بہترین فون ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی فون سِکس کے دونوں نئے ماڈلز رواں برس کے اختتام تک دنیا کے 115 ممالک میں دستیاب ہوں گے۔
اگر آپ آئی فون سِکس خریدنا چاہتے ہیں تو آن لائن اس کے لیے آرڈر دینے کا سلسلہ 12 ستمبر سے شروع ہو جائے گا جب کہ ایپل اسٹورز پر ان دونوں فونز کی فروخت کا آغاز 19 ستمبر سے ہو گا۔