آئی پیڈ کے مدمقابل سونی کے ٹیبلٹ کمپیوٹرز
27 اپریل 2011سونی کی طرف سے متعارف کرایا گیا S1 ٹیبلٹ کمپیوٹر صرف ایک اسکرین پر مشتمل ہے، جبکہ S2 ایک پاکٹ سائز کا ٹیبلٹ کمپیوٹر ہے اور اس کی دو اسکرینز ہیں۔ ان کمپیوٹرز کی تقریب رونمائی میں سونی حکام نے بتایا کہ یہ دونوں کمپیوٹرز اینڈروئڈ آپریٹنگ سسٹم کے حامل ہیں، جبکہ ان میں انٹرنیٹ سے منسلک ہونے کے لیے وائی فائی بھی موجود ہے۔
معروف کمپیوٹر ساز امریکی ادارے ایپل کی طرف سے مشہور زمانہ ٹیبلٹ کمپیوٹر آئی پیڈ گزشتہ برس اپریل میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا۔ تب سے اب تک آئی پیڈ فروخت کے لحاظ سے نئے ریکارڈ بنا رہا ہے۔ حال ہی میں ایپل کی طرف سے آئی پیڈ ٹو بھی فروخت کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔
ایپل کی حریف کمپنیوں کی طرف سے آئی پیڈ کی ٹکر پر اپنے ٹیبلٹ کمپیوٹرز لانے کی کوششیں جاری ہیں اور سونی کے S1 اور S2 بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہیں۔ تاہم سونی کے ان دونوں کمپیوٹرز کی فروخت رواں برس موسم گرما سے قبل ممکن نہیں ہے۔
بلیک بیری نامی اسمارٹ فون بنانے والی کینیڈین کمپنی ریسرچ ان موشن کی طرف سے بھی اپنا ٹیبلٹ کمپیوٹر ’پلے بُک‘ پچھلے ہفتے ہی متعارف کرایا گیا ہے۔ سام سنگ کمپنی کا گلیکسی نامی ٹیبلٹ کمپیوٹر آئی پیڈ کے بعد سب سے زیادہ فروخت ہو رہا ہے، تاہم ٹیکنالوجی ریسرچ کمپنی گارٹنر کا کہنا ہے کہ تیزی سے پھیلتی ہوئی ٹیبلٹ کمپیوٹر کی مارکیٹ میں آئی پیڈ کی شہرت کو اس کی مدمقابل پراڈکٹس اگلے چند برسوں تک تو نہیں چھو پائیں گی۔
گارٹنر کے مطابق سال 2010ء میں کُل 17.6 ملین ٹیبلٹ کمپیوٹرز فروخت ہوئے جن میں سے 83.9 فیصد آئی پیڈ تھے۔ اس ریسرچ کمپنی کا اندازہ ہے کہ سال 2015ء تک کُل 294.3 ملین ٹیبلٹ کمپیوٹرز فروخت ہو چکے ہوں گے۔
سونی کی طرف سے اپنے ٹیبلٹ کمپیوٹرز کی رونمائی کے موقع پر بتایا گیا کہ ان پر سونی کے پلے اسٹیشن پر کھیلی جانی والی گیمز سے بھی لطف اندوز ہوا جا سکے گا، جبکہ ان کے ذریعے دیگر ٹیبلٹ کمپیوٹرز کی طرح تمام تر آن لائن سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔ سونی کے ایک اہلکار کونیماسا سوزوکی کا اس موقع پر کہنا تھا: ’’عام طور پر کمپنیوں کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ فیچرز شامل کریں، مگر ہم نے زیادہ تر وہ چیزیں شامل کی ہیں جو صارفین واقعی چاہتے ہیں اور استعمال کرتے ہیں۔‘‘
S1 براہ راست آئی پیڈ کی ہی شکل کا ہے۔ اس کا اسکرین سائز 9.4 انچ ہے جبکہ اس کے آگے اور پیچھے دونوں جانب کیمرے لگے ہیں۔ تاہم فولڈ ہونے والا S2 ننٹینڈو کے ڈی ایس پورٹیبل کنسول کی شکل کا ہے اور اس میں 5.5 انچ کی دو ٹچ اسکرینز ہیں۔
رپورٹ: افسراعوان
ادارت: مقبول ملک