آسکر ایوارڈز: وِل اسمتھ کی کامیڈین کو تھپڑ مارنے پر معذرت
29 مارچ 2022امریکی اداکار وِل اسمتھ نے آسکر ایوارڈز کی 94 ویں تقریب میں کامیڈین کرس راک کو تھپڑ مارنے پر معافی مانگ لی ہے۔ انہوں نے انسٹاگرام پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا کہ ان کا رویہ اس رات ناقابل قبول اور ناقابل معافی تھا۔ انہوں نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ کسی بھی طرح کا تشدد زہریلا اور تباہ کن ہے۔ انہوں نے کامیڈین کرس راک کو مخاطب کر کے لکھا، ''کرس میں سرِعام آپ سے معذرت چاہتا ہوں میں نے حد پار کر دی اور میں غلطی پر تھا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ وہ شرمندہ ہیں اور ان کا یہ عمل ان کی شخصیت کے برعکس تھا۔ انہوں نے کہا، ''محبت اور ایثار کی دنیا میں تشدد کی کوئی جگہ موجود نہیں ہے۔‘‘
آسکر ایوارڈز کی تقریب میں اتوار کی رات کامیڈین کرس راک ایوارڈ دینے اسٹیج پر آئے تھے، جس دوران گفتگو میں انہوں نے ول اسمتھ کی بیوی جیڈا پِنکیٹ اسمتھ کے سر کے بال جھڑ جانے پر مذاق کیا تھا۔ اس مذاق پر اسمتھ اسٹیج پر آئے اور انہوں نے کرس راک کو منہ پر ایک زور دار تھپڑ رسید کر دیا۔
آسکر ایوارڈز دینے والی اکیڈمی کی انتظامیہ نے اس واقعے پر اسمتھ کی مذمت کی اور اس واقعے کا باقاعدہ جائزہ لینے کا فیصلہ بھی کیا تھا۔
تقریباﹰ ایک ہزار ارکان پر مشتمل امریکہ کی اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز کی انتظامیہ نے کہا کہ وہ وِل اسمتھ کی اس حرکت کی مذمت کرتی ہے اور معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے تفصیلی جائزہ لے رہی ہے۔
اکیڈمی نے کہا، ''ہم نے باضابطہ طور پر اس واقعے کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے اور ہم اپنے ضابطوں، طرز عمل کے معیارات اور ریاست کیلیفورنیا کے قانون کے مطابق مزید کارروائی اور نتائج کی تلاش کریں گے۔‘‘
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو نے عوام کو بھی پریشانی میں مبتلا کر دیا تھا۔ اہم بات یہ ہے کہ وِل اسمتھ کی اہلیہ سر کے بال جھڑتے جانے کی ایک بیماری ایلوپیشیا کا شکار ہیں اور اس امر کا انکشاف انہوں نے خود 2018ء میں عوامی طور پر کیا تھا۔
ر ب / م م (اے پی، روئٹرز)