1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ارب پتیوں میں 51 فیصد اضافہ، غربت افریقہ سے بھی زیادہ

20 جولائی 2010

ہمارے پاس صرف ایک رضائی ہے، سردیوں میں ہم تمام آٹھ افراد اسی سے گزارا کرتے ہیں۔ بجلی لگوانے کی سکت نہیں اور نہ گھر میں پانی ہے۔ مگر رونے کا بھی کوئی فائدہ نہیں۔ کون ہے جو ہماری سنے؟

https://p.dw.com/p/OQH2
تصویر: AP

یہ الفاظ ہیں 40 سالہ بھارتی شہری فدا حسین کے جس کا گھر لکڑیوں والے چولہے  کی آگ پھیلنے سے جل کر خاک ہوچکا ہے۔ مرے کو مارے شاہ مدار کے مصداق گھر کو لگنے والی یہ آگ گویا فدا حسین کے غریب گھرانے پر بجلی  بن کر گری  ہے۔

Lakshmi N. Mittal von Mittal Steel
ارب پتی بھارتی لکشمی مِتل۔ امریکی تجارتی بنک Merill Lynch کے مطابق سال 2009ء کے دوران بھارت میں ارب پتی افراد کی تعداد میں 51 فیصد اضافہ ہوا۔تصویر: AP Photo

آبادی کے لحاظ سے بھارت کے سب سے بڑے صوبے اُترپردیش کے ایک دور دراز علاقے 'زاروا' میں رہائش پزیر فدا حسین کے مطابق اب ان کے پاس کچھ بھی باقی  نہیں بچا۔

مگر دوسری طرف امریکی تجارتی بنک Merill Lynch کے مطابق سال 2009ء کے دوران بھارت میں ارب پتی افراد کی تعداد میں 51 فیصد اضافہ ہوا۔ جب کہ عالمی اقتصادی اداروں کے مطابق بھارتی معیشت 8.6 فیصد کی شرح سے ترقی کر رہی ہے۔

بڑھتی ہوئی امارت اور ترقی کرتی معیشت کے باوجود فدا حسین جیسےعام بھارتی شہری کی زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

بھارت میں چالیس کروڑ افراد پینے کے صاف پانی تک رسائی نہیں رکھتے جبکہ ملک کی تقریباﹰ تین چوتھائی آبادی ٹوائلٹ یا صفائی ستھرائی جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے۔

آٹھ بھارتی ریاستوں میں غریب افراد افریقہ کے 26 غریب ترین ملکوں سے بھی زیادہ

13 جولائی کو اقوام متحدہ کی مدد سے تیار کی جانے والی غربت سے متعلق ایک رپورٹ جاری کی گئی، جس کے مطابق بھارت کی آٹھ ریاستوں میں افریقہ کے غریب ترین 26 ملکوں سے بھی زیادہ افراد خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ دی ملٹی ڈائمنشنل پوورٹی انڈیکس MPI نامی غربت کے اس پیمانے میں کسی فرد کی صرف روزانہ کمائی کو ہی مدنظر نہیں رکھا جاتا بلکہ اس میں اس فرد کو  حاصل دیگر سہولیات زندگی کا بھی خیال رکھا جاتا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق بھارت کی آٹھ ریاستوں میں 421  ملین غریب ترین افراد موجود ہیں۔  جبکہ براعظم افریقہ کے 26 غریب ترین ممالک میں غریب افراد کی کل تعداد 410 ملین ہے۔ بھارت کی یہ آٹھ ریاستیں بہار، چھتیس گڑھ، جھاڑکھنڈ، مدھیاپردیش، اوڑیسا، راجھستان، اُتر پردیش اور مغربی بنگال ہیں۔

Die indische Rote Armee
بعض مبصرین کے مطابق امیری اور غریبی کے درمیان بڑھتی ہوئی تفاوت اور معاشی ناہمواری ہی وہ آگ ہے جو ماؤ نوازوں میں بغاوت کو بھڑکا رہی ہے۔تصویر: AP


امیر امیر تر اور غریب غریب تر

بھارت کے اہم معاشی پالیسی ساز ادارے پلاننگ کمیشن کی طرف سے اسی برس اپریل میں جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق بھارت میں ایسے غریب افراد کی تعداد، جو اپنی خوراک کی ضروریات بھی پوری نہیں کرسکتے، ملکی آبادی کا 37 فیصد بنتی ہے۔ اس سے قبل یہ اندازہ 28 فیصد تھا۔ اس طرح بھارت کی کل آبادی یعنی 1.2 ارب  میں یہ تعداد  44کروڑ بنتی ہے۔

بھارت میں پانچ سال کی عمر سے کم ایسے بچوں کی شرح جو خوراک کی کمی کا شکار ہیں، 43.5 فیصد ہے جوکہ زیریں صحارا افریقہ سے بھی زیادہ ہے۔

بعض مبصرین کے مطابق امیری اور غریبی کے درمیان  بڑھتی ہوئی یہ تفاوت اور معاشی ناہمواری ہی بھارت میں مختلف مسائل کو جنم دے رہی ہے۔ ان کے مطابق یہی وہ آگ ہے جو ماؤ نوازوں میں بغاوت کو بھڑکا رہی ہے۔

بھارت کے ایک سینییئر کمیونسٹ رہنما برندا کارات کے مطابق اُن کے ملک میں صرف غربت ہیں نہیں، بلکہ معاشی ناہمواری بھی بڑھتی چلی جارہی ہے۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت:کشور مُصطفٰی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید