ارتھ ڈے: جرمن زبان کے محاورے، جن میں لفظ ’زمین‘ مستعمل ہے
وبائی امراض اور یوکرین میں جنگ جیسے موضوعات شہ سرخیوں کی زینت بنے ہوئے ہیں لیکن ہمارا سیارہ بھی توجہ کا طلب گار ہے۔ یوم ارض کے موقع پر جرمن زبان کے ایسے عام محاورات جانیے، جن میں ’’زمین‘‘ کا لفظی استعمال کیا گیا ہے۔
زمین پر جنت مل جانا
ایسا بھلا کون نہیں چاہے گا کہ اسے زمین پر ہی جنت مل جائے! Den Himmel auf Erden haben کا مطلب ہے کہ زندگی میں تمام تر سہولیات میسر ہو جانا، کسی شے سے خوشی ملنا یا پھر خوابوں کی تعبیر ہو جانا۔
زمین پر پیر نہ جما سکنا
Kein Bein auf die Erde bekommen : یعنی آپ کو کسی یا ہر کام میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے یا پھر کسی مخصوص شعبے میں کیرئر نہیں بنا پا رہے۔
زمین پر ٹِکنا
Mit beiden Beinen auf der Erde bleiben : یہ محاورہ تو اردو زبان میں بھی استعمال کیا جاتا ہے، جس کا مطلب ہے کہ حقیقت پسند رہنا، خود کو دھوکے میں نہ رکھنا اور عاجزانہ مزاج قائم رکھنا۔
گولیوں کی طرح زمین سے پھوٹتی کھمبیاں
Wie Pilze aus der Erde schießen : جرمن زبان کے اس محاورے کا مطلب ہے کہ کسی بھی چیز کا بہت تیزی سے ظاہر ہونا یا پھر ایسی چیزیں جو ہر جگہ سے ابھر کر سامنے آجائیں۔ یہ اسی طرح ہے جیسے مشروم آپ کی آنکھوں کے سامنے بڑھتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔
زمین سے ماورا
Etwas aus der Erde/aus dem Boden stampfen : یہ محاورہ کسی طلسماتی عمل کی جانب اشارہ کرتا ہے یعنی اچانک سے کسی چیز کا غیرمعمولی طور پر نمودار ہو جانا - یہ محاورہ کاروبار کی کامیابی یا پھر کسی عمارت کی تعمیر کے حوالے سے بھی مستعمل ہے۔
کسی کو زمین تلے دبا دینا
Jemanden unter die Erde bringen : اس محاورے کا مطلب ہے کہ کسی شخص کی موت کا قصور وار ہونا۔
جھلسی ہوئی زمین
Verbrannte Erde : یہ محارہ ایسی فوجی حکمت عملی کو بیان کرتا ہے، جس کے ذریعے اہم انفراسٹرکچر جیسے کہ پل، سڑکیں، ریلوے پٹریاں، فیکٹری، کھیت، خوراک، مویشی یا پھر گاؤں اور شہروں کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا جائے - تاکہ دشمن اسے استعمال نہیں کرسکے۔
زمین کا نمک بننا
اگر جرمن زبان میں آپ کو کوئی Das Salz der Erde sein یعنی زمین کے نمک کی طرح بننے کا کہے یا پھر آپ کو اس لقب سے نوازے، تو اس کا مطلب ہے کہ آپ ایک عمدہ اور ایماندار انسان ہیں - بغیر کسی شکایت کے مسائل کا سامنا کرنے کی وجہ سے آپ کا احترام کیا جاتا ہے اور آپ اپنے اقدار پر قائم رہنے والی شخصیت ہیں۔ آپ ایک عظیم سرمایہ ہیں۔