1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسد کو ہٹانا ترجیح نہیں رہی، ماکروں

William Yang/ بینش جاوید ٓAFP
22 جون 2017

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے کہا ہے کہ فرانس، شامی تنازعے میں صدر بشارالاسد کو ہٹانا ایک ترجیح کے طور پر نہیں دیکھتا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ فرانسیسی صدر نے اس پالیسی کا باقاعدہ اظہار کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2fBN6
Frankreich Parlamentswahlen Emmanuel Macron
تصویر: Reuters/C. Archambault

نئے فرانسیسی صدر نے کہا کہ صدر اسد کو ہٹانے کی بجائے شامی تنازعے میں، جس کا آغاز 2011ء میں شامی صدر کے خلاف شروع ہونے والے احتجاج سے ہوا تھا مگر وقت کے ساتھ ساتھ یہ پیچیدہ سے پیچیدہ تر ہوتا گیا، بین الاقوامی برادری کی اولین ترجیج داعش جیسے شدت پسند گروپوں کے خلاف جنگ ہے۔

ایمانوئل ماکروں نے متعدد یورپی اخباروں کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران کہا، ’’اس سوال میں جو اصل تبدیلی میں نے کی ہے وہ یہ کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ بشارالاسد کو ہٹانا ہر چیز کے لیے ابتدائی شرط ہے۔‘‘

گزشتہ مہینے عہدہ صدارت سنبھالنے والےایمانوئل ماکروں کا اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے مزید کہنا تھا، ’’کیونکہ اب تک کوئی بھی مجھے ان کے ق‍انونی جانشیں کے بارے میں نہیں بتا سکا۔‘‘

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس انٹرویو کے دوران شام کے بارے میں اپنی پالیسی کا اظہار کرتے ہوئے فرانسیسی صدر کا کہنا تھا، ’’میری ترجیح واضح ہے: اول، دہشت گرد گروپوں کے خلاف مکمل جنگ۔ یہ ہمارے دشمن ہیں۔۔۔ ہمیں ان کو ختم کرنے کے لیے ہر ایک کا تعاون چاہیے، خاص طور پر روس کا۔ دوئم: شام میں استحکام، کیونکہ میں ایک ناکام ریاست نہیں چاہتا۔‘‘

Syiren Präsident Bashar al-Assad Interview
شامی تنازعے کے آغاز سے اب تک فرانس بھی مغربی اقوام کے ساتھ اس بات پر زور دیتا آیا ہے کہ شامی صدر بشارالاسد کو اقتدار سے الگ ہونا ہی ہو گاتصویر: Reuters

ماکروں کے مطابق بین الاقوام‍ی برادری نے یہ سوچ کر ایک ’’اجتماعی غلطی‘‘ کی کہ اس تنازعے کو محض ’’فوجی طاقت کے ذریعے‘‘ حل کیا جا سکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا، ’’میرا بہت زیادہ یقین ہے کہ ہمیں اس حوالے سے ایک سیاسی اور سفارتی طریقہ کار درکار ہے۔‘‘

تاہم انہوں نے اپنی یہ تنبیہ بھی دہرائی کہ شام میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال یا مشکلات میں گِھرے شامی شہریوں تک امداد پہنچانے کے لیے قائم کیے گئے ’ہیومینیٹیرئن کوریڈورز‘ کی خلاف ورزی ’’سرخ لکیریں‘‘ ہیں اور اگر ان کی خلاف ورزی ہوئی تو فرانس تنہا بھی اس کے ردعمل میں کارروائی کر سکتا ہے۔

شامی تنازعے کے آغاز سے اب تک فرانس بھی مغربی اقوام کے ساتھ اس بات پر زور دیتا آیا ہے کہ شامی صدر بشارالاسد کو اقتدار سے الگ ہونا ہی ہو گا۔ چھ برس سے زائد عرصے سے جاری اس تنازعے میں ساڑھے تین لاکھ سے زائد شامی ہلاک جبکہ کئی ملین اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔