اسمارٹ فونز کا حیران کن عروج
اسمارٹ فونز کے بغیر اربوں لوگ آج زندگی کا تصور نہیں کر سکتے۔ پہلا اسمارٹ فون اب سے 20 برس قبل فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا۔ اسمارٹ فونز کے بارے میں چند حیران کُن حقائق اورکچھ ایسی معلومات جو شاید آپ پہلے نہ جانتے ہوں۔
متاثر کُن اور حیران کُن
یہ دنیا کے پہلے اسمارٹ فون کی تصویر ہے۔ نوکیا 9000 کمیونیکیٹر میں ایک پرسنل کمپیوٹر کے فیچرز موجود تھے۔ اس کے علاوہ اس میں آفس سافٹ ویئر، ویب براؤزر اور فیکس فنکشن بھی موجود تھا۔ اس کی فروخت 15 اگست 1996ء کو شروع ہوئی۔ امریکی مارکیٹ میں اس کی کم از کم قیمت 800 ڈالرز تھی۔
ہلکا پھُلکا مگر طاقتور
موجودہ دور کے اسمارٹ فون ابتدائی شکل سے کہیں آگے نکل چکے ہیں۔ مگر اس حقیقت کا کہ ان کا وزن اسمارٹ فونز کے ابتدائی ماڈلز سے کہیں کم ہے، یہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ صلاحیت کے حوالے سے یہ کم ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ آج کے دور کے اسمارٹ فونز کی کمپیوٹنگ صلاحیت اُن کمپیوٹرز سے بھی کہیں زیادہ ہے جو اپالو 11 نامی امریکی خلائی جہاز کو چاند کی سطح پر اُتارنے کے لیے استعمال ہوئے۔
غیر متوقع اثرات
اسمارٹ فونز کے لیے ایسی بے شمار ایپلیکیشنز دستیاب ہیں جو استعمال کنندگان کی دلچسپی اور ضروریات پر پورا اترتی ہیں تاہم بعض ایسے پروگرام بھی ان میں شامل ہوتے ہیں جو حکام کے لیے انتہائی فائدہ مند ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر انڈونیشیا کے حکام ڈونیشن کے طور پر دیے گئے ایسے اسمارٹ فونز کا استعمال کر رہے ہیں جو غیر قانونی طور پر لاگ اِن ہو کر اپنے ارد گرد کی آوازیں حکام تک پہنچاتے ہیں۔
فون موسم کا حال بتانے والا ماہر بھی
نیٹ ورکنگ گروپ ’اوپن سگنل‘ کے محققین کے مطابق اینڈرائڈ سسٹم کے حامل اسمارٹ فونز میں بیٹری کا درجہ حرارت، بجلی کے استعمال اور دباؤ جانچنے کے لیے نصب سینسرز دراصل موسم کی بالکل درست صورتحال بتانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔
پیشاب سے اسمارٹ فون کے لیے پاور
برطانوی سائنسدانوں نے ایک ایسا فیول سیل تیار کیا ہے جو موبائل فون چارج کرنے کے لیے انسانی پیشاب سے بجلی پیدا کرتا ہے۔ 600 ملی لٹر پیشاب سے اس قدر بجلی حاصل ہوتی ہے جو اسمارٹ فون پر تین گھنٹے دورانیے کی کالز سننے کے لیے کافی ہے۔ اس فیول سیل میں بیکٹیریا اس مائع کو بجلی میں تبدیل کر دیتے ہیں۔
رومنگ چارجز
امریکی ریاست فلوریڈا کی رہائشی سیلن آرنز قریب دو برس قبل اُس وقت میڈیا ہیڈلائنز کا حصہ بن گئیں جب انہیں اسمارٹ فون استعمال کرنے کا اب تک کا سب سے زیادہ بِل موصول ہوا۔ کینیڈا میں چھٹیاں گزارنے کے دوران ایس ایم ایس پیغامات کی بھرمار کے باعث انہیں 201,000 ڈالرز ادا کرنا تھے۔ کیا آپ نے آج تک اتنے زیادہ رومنگ چارجز کے بارے میں کبھی سنا ہے؟
ناقابل یقین کامیابی
دنیا میں اِس وقت قریب 1.9 بلین اسمارٹ فون صارفین موجود ہیں اور اس تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ رواں برس کی پہلی سہ ماہی میں پوری دنیا میں 349 ملین نئے اسمارٹ فون فروخت ہوئے۔ 2015ء میں اسی عرصے کے مقابلے میں یہ فروخت 15 فیصد زائد ہے۔ سب سے زیادہ فروخت ہونے والا فون سام سنگ کا گلیکسی S7 تھا جبکہ ایپل کمپنی کا آئی فون 6S اور 6S پلس کی فروخت کم فرق کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔