افغانستان: مختلف واقعات میں چھ غیر ملکی فوجی ہلاک
12 جنوری 2010افغانستان کے جنوب میں امریکی فوجی دستوں اور عسکریت پسندوں کے درمیان ایک جھڑپ میں چار امریکی فوجی ہلاک ہوئے جبکہ بم ڈسپوزل ٹیم کے ہمراہ کام کرنے والا برطانوی فوجی جنوبی صوبے ہلمند کے شمال میں ایک دھماکے میں ہلاک ہو گیا۔ نیٹو فوجی دستوں میں شامل فرانسیسی فوجی کی ہلاکت شمال مشرقی کابل میں گشت کے دوران عسکریت پسندوں کے حملے میں ہوئی۔
یہ تازہ واقعات اس سروے کے فورا بعد پیش آئے ہیں جن میں افغانستان میں متعین 1500 فوجیوں سے افغان مشن کے حوالے سے ان کی رائے دریافت کی گئی تھی۔ 70 فیصد فوجیوں کے خیال میں افغانستان درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ افغان میں مشن کی حمایت میں فوجیوں کی یہ رائے پچھلے برس کے مقابلے میں تیس فیصد زیادہ ہے۔
امریکی فوج کے ترجمان میں کرنل وائن شینکس نے امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فوجیوں کی ہلاکت گشت کے دوران عسکریت پسندوں سے ایک جھڑپ میں ہوئی۔
برطانوی وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والا برطانوی فوجی جنوبی ہلمند صوبے کے شمال میں ایک بم ڈسپوزل ٹیم کے ہمراہ اپنی خدمات سر انجام دے رہا تھا اور وہاں ہونے والے ایک دھماکے میں اس کی ہلاکت ہوئی۔ وزارت دفاع کے مطابق اس فوجی کے اہل خانہ کو اس واقعے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں فرانسیسی فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ کابل میں گشت میں مصروف فرانسیسی دستے پر عسکریت پسندوں کے حملے میں ایک فوجی ہلاک جب کہ ایک زخمی ہو گیا ہے۔
مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان مشن میں شامل ایک فوجی مشرقی افغانستان میں عسکریت پسندوں کے ایک حملے کا نشانہ بنا۔ افغانستان میں غیر ملکی فوجیوں کی ہلاکتوں پر نظر رکھنے والی ایک غیر جانبدار ویب سائٹ کے مطابق ان ہلاکتوں کے ساتھ ہی شروع ہونے والے اس نئے برس میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد 15 ہو چکی ہے۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : عدنان اسحاق