افغانستان: چھ طالبان کو سزائے موت دے دی گئی
8 مئی 2016مبصرین کے مطابق افغان حکومت کا یه اقدام اگرچه دہشت گردی کا نشانه بننے والے عوام کے فطری ردعمل کو تسکین پہنچائے گا مگر اسٹریٹیجک نکته نگاه سے یه یقینی طور پر ملک میں مزید خون خرابے کا سبب بن سکتا ہے۔ دارالحکومت کابل میں گزشته ہفتے ایک خونریز حملے کے نتیجے میں چونسٹھ افراد کی ہلاکت اور قریب تین سو کے زخمی ہونے کے بعد صدر محمد اشرف غنی نے پارلیمان کے دونوں ایوانوں کا مشترکه اجلاس بلایا تها، جس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے غیر معمولی غم و غصے کا اظہار کرتے طالبان مخالف نئے اور سخت اقدامات اٹھانے کا عندیہ دیا تها۔ اسی موقع پر غنی نے برسوں سے مختلف جیلوں میں قید ملزمان کی سزا پر عملدرآمد کا اعلان بهی کیا۔ یاد رہے که افغانستان کی مختلف جیلوں میں طالبان اور دیگر باغی گروہوں سے وابسته سینکڑوں افراد قید ہیں۔
نئی کابل حکومت کی جانب سے ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے که دہشت گردی کے مقدمات میں موت کی سزا پانے والوں کو پھانسی دی گئی ہے۔ افغان حکومت کے اس قدم کو ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ نے تنقید کا نشانه بنایا ہے۔ جنوبی ایشیا کے لیے ایمنسٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جامین کور نے ایک بیان میں صدر غنی پر زور دیا ہے که پهانسی کے حکم ناموں پر دستخط نه کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا، ’’ان پهانسیوں سے نه تو کابل حملے کا نشانه بننے والوں کو انصاف مل سکے گا اور نه ہی ملک میں قیام امن کے کوششوں کو کوئی فائده پہنچے گا۔‘‘
تجزیه کار یعقوب خان کے بقول اتوار کو جن چھ ملزمان کو پهانسی دی گئی، ان میں اور ماضی میں اس قسم کی پهانسیوں میں ایک واضح فرق شفافیت کا ہے۔ ان کے بقول ماضی میں کئی مرتبہ ایسا هوا که چهوٹے جرائم حتی کہ بے گناه افراد کو دہشت گردوں کے کهاتے میں ڈال کر ایسی سزائیں دی جا چکی ہیں لیکن حالیه واقعے میں پهانسی کی سزا پانے والے ہائی پروفائل دہشت گردانه حملوں میں ملوث تھے، ’’اس کام سے حکومت مخالف قوتوں پر یه عیاں ہو جائے گا که حکومت ان کے خلاف سخت سے سخت قدم اٹها سکتی ہے اور اس ضمن میں کوئی ابہام موجود نہیں۔‘‘
اس رائے کے برعکس کئی حلقے افغان حکومت کی اس نئی جنگی روش کو روشن اور پر امن مستقبل کا ضامن نہیں سمجهتے۔ افغانستان میں جرمن این جی او فریڈرش ایبرٹ شٹفٹُنگ کے ڈائريکٹر الیکسی یوزوفوو کے بقول ان پهانسیوں نے کم از کم 2015ء میں شروع ہونے والی قیام امن کی کوششوں پر پانی پهیر دیا ہے۔ ان کے مطابق چار فریقی رابطه گروپ سے، جو قیام امن اور طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کی امیدیں وابسته کی گئی تھیں، بدقسمتی سے وه بهی عملی صورت اختیار نہیں کر سکیں۔ الیکسی کے بقول ان سزاوں میں ایک عدالتی پس منظر کے بجائے سیاسی رنگ نمایاں تها اور ان پھانسیوں کے بعد نئی حکومت کی گزشته ایک برس سے جاری قیام امن کی کوششیں بے نتیجه ثابت ہوگئی ہیں۔
طالبان نے اپنے ردعمل میں حکومت کو سنگین نتائج سے خبردار کرتے ہوئے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا ہے که وه ان ’’غیر انسانی اور غیر قانونی‘‘ سزاوں کے خلاف آواز اٹهائیں۔