امانوئل ماکروں کے ہزاروں دستاويزات ’ہيک‘
6 مئی 2017
امانوئل ماکروں کی انتخابی ٹيم نے چھ مئی کو جاری کردہ ايک بيان ميں کہا ہے کہ صدارتی اميدوار ماکروں ’ہيکنگ‘ کی ايک وسيع اور جامع کارروائی کا شکار بنے۔ ٹيم کا دعویٰ ہے کہ دستاويزات کئی ہفتے قبل چوری ہوئے تھے تاہم انہيں اس مخصوص وقت ماکروں کی سياسی مہم کو منفی انداز سے متاثر کرنے کے مقصد سے جاری کيا گيا ہے۔ امانوئل ماکروں کی ٹيم کے مطابق جاری کردہ دستاويزات ميں کئی جعلی کاغذات بھی شامل ہيں، جن کا مقصد ووٹروں کے ذہن ميں ’شک‘ اور ’بے يقينی‘ پيدا کرنا ہے۔
فرانسيسی صدارتی اليکشن کے دوسرے مرحلے ميں ملک میں رائے شماری کل بروز اتوار سات مئی کو ہونی ہے۔ ماکروں کی مہم کے دستاويزات کا اجراء ايک ايسے وقت پر کيا گيا جب جمعے کو دونوں اميدواروں نے انتخابی مہم کے آخری دن مختلف سرگرميوں ميں حصہ ليا۔ آخری دن کرائے گئے رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق ماکروں کی حمايت چھبيس فيصد تھی جبکہ دائيں بازو کی ميرين لے پين کی تيئس فيصد۔ اتوار سات مئی کو رائے شماری کا عمل مقامی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے ختم ہو گا، جس کے کچھ ہی دير بعد ابتدائی نتائج متوقع ہيں۔
جمعے کی شب رات بارہ بجے سے ذرا پہلے ماکروں کی انتخابی مہم کے خفيہ دستاويزات کا اجراء سوشل ميڈيا کی مختلف ويب سائٹس پر کيا گيا۔ بعد ازاں ہفتے کی صبح وکی ليکس پر بھی يہ دستاويزات دستياب تھیں۔ پولنگ کے نگران فرانسيسی اداروں نے البتہ مقامی ٹيلی وژن چينلز اور ديگر نشرياتی اداروں کو پابند کر رکھا ہے کہ وہ کوئی بھی مواد شائع نہ کريں۔ اس اقدام کی وجہ اليکشن کے نتائج پر اس پيش رفت کے ممکنہ اثرات سے بچنا ہے۔ ہفتے کو اليکشن کميشن کی جانب سے ايک بيان بھی جاری کيا گيا، جس ميں کہا گيا ہے کہ ليکس ميں شامل اکثريتی معلومات درست نہيں۔
ماکروں کی سياسی جماعت اور انفارميشن ٹيکنالوجی کمپنی ’ٹرينڈ مائکرو‘ پہلے ہی يہ کہہ چکے ہيں کہ اپريل کے آغاز ميں پارٹی کی کئی دستاويزات ہيک کر لی گئی تھيں۔ مغربی آئی ٹی کمپنيوں کے بقول متعلقہ ہيکر گروپ کے روسی انٹيلیجنس ايجنسيوں کے ساتھ روابط ہيں۔
اعتدال پسند اور يورپ نواز امانوئل ماکروں نے انتخابی مہم کے آخری ايام ميں اور بالخصوص ٹيلی وژن پر نشر کردہ ايک مباحثے ميں مزيد عوامی حمايت حاصل کر لی تھی۔ ميرين لے پين يورپی يونين اور مہاجرين جيسے معاملات پر سخت موقف رکھتی ہيں۔