1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امدادی سامان کی ترسیل، کابل ایئر پورٹ دوبارہ کھول دیا گیا

4 ستمبر 2021

افغانستان میں قطر کے سفیر کے مطابق تکنیکی ماہرین کی ایک ٹیم کی مدد سے کابل ایئر پورٹ دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ یوں بیرون ممالک سے کابل تک امدادی سامان کی فضائی ترسیل دوبارہ ممکن اور اندرون ملک پروازیں بحال ہو گئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/3zuzA
Afghanistan Taliban Checkpiont am Flughafen Kabul
کابل ایئر پورٹ کے مرکزی گیٹ کے قریب ایک چیک پوائنٹ پر تعینات طالبان سکیورٹی گارڈزتصویر: Wali Sabawoon/AP Photo/picture alliance

دبئی سے ہفتہ چار ستمبر کو موصولہ نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق افغانستان میں قطر کے سفیر کا کابل ایئر پورٹ کے دوبارہ کھول دیے جانے سے متعلق یہ بیان قطری نیوز چینل الجزیرہ نے نشر کیا۔ الجزیرہ نے کابل میں اپنے نامہ نگار کے ذریعے یہ تصدیق بھی کی کہ اب کابل سے ملک کے دیگر شہروں کو آنے جانے والی داخلی پروازیں بھی بحال ہو گئی ہیں۔

الجزیرہ ٹی وی کے مطابق افغانستان میں قطر کے سفیر نے بتایا کہ کابل ایئر پورٹ کے رن وے کی افغان حکام کی مدد سے مرمت کر دی گئی ہے اور کابل سے مزار شریف اور قندھار جانے والی دو مسافر پروازیں بھی اپنی منزلوں کی طرف روانہ ہو گئیں۔

کابل ایئرپورٹ افغان عوام کو واپس دے رہے ہیں: امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ

افغان دارالحکومت کا ہوائی اڈہ امریکا کی طرف سے افغانستان سے اپنے شہریوں، دیگر مغربی ممالک کے باشندوں اور امریکی اور نیٹو دستوں کی مدد کرنے والے افغان کارکنوں کے انخلا کے وسیع تر عمل کی تکمیل کے بعد سے بند تھا۔

تیس اور اکتیس اگست کی درمیانی رات کابل سے ایک فوجی طیارے میں آخری امریکی دستوں کی روانگی کے ساتھ ہی ہندو کش کی اس ریاست سے تقریباﹰ بیس سالہ تعیناتی کے بعد امریکا کا حمتی فوجی انخلا مکمل ہو گیا تھا۔

افغانستان: امریکی انخلا مکمل، کابل ایئر پورٹ پر طالبان کا کنٹرول

خلیجی عرب ریاست قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے جمعرات کے روز دوحہ میں اپنے برطانوی ہم منصب ڈومینیک راب کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ قطری حکومت طالبان کے ساتھ اس بارے میں مذاکرات کر رہی تھی کہ ترکی کی طرف سے ممکنہ تکنیکی مدد کے ساتھ کابل کے ہوائی اڈے پر معمول کی فضائی سفری سرگرمیاں جلد از جلد بحال ہو سکیں۔

م م / ع آ (روئٹرز، الجزیرہ ٹی وی)