امريکی ریاستوں واشنگٹن اور کیلیفورنیا میں فائرنگ کے واقعات
25 اکتوبر 2014امريکی رياست واشنگٹن کے شہر ميريزول سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق عينی شاہدين اور اہلکاروں کے ذرائع سے بتايا گيا ہے کہ حملہ آور طالب علم نے کيفے ٹيريا ميں داخل ہو کر بغير کسی سے بات کيے فائرنگ شروع کر دی تھی۔ پوليس کے کمانڈر روب لموريوکس کے بقول حملہ آور نے انتہائی کم فاصلے سے پانچ طلباء پر فائرنگ کی اور پھر خود پر بھی گولی چلا دی، جس سے وہ ہلاک ہو گيا۔
حملہ آور طالب علم کی شناخت چودہ سالہ جيلن فرائی برگ کے طور پر کر لی گئی ہے، جو نويں جماعت کا طالب علم تھا۔ اس کے اسکول کے ديگر طلباء نے پوليس کو بتايا کہ فرائی برگ ايک ’اچھا بچہ‘ تھا، جو اسکول کی فٹ بال ٹيم کا رکن بھی تھا۔
فائرنگ کا يہ واقعہ ميريزول پلچُک ہائی اسکول کے کيفے ٹيريا ميں پيش آيا۔ واقعے ميں ايک طالبہ اور خود حملہ آور جيلن فرائی برگ بھی ہلاک ہو گيا جبکہ چار ديگر طلباء سر ميں گولياں لگنے کے سبب زخمی ہيں اور تازہ رپورٹوں کے مطابق ان کی ہالت تشويشناک بتائی جا رہی ہے۔ کمانڈر روب لموريوکس کے بقول واقعہ عالمی وقت کے مطابق پانج بج کر انتاليس منٹ پر پيش آيا۔
زخميوں ميں سے دو لڑکيوں اور ايک لڑکے کو آنے والی چوٹوں کو ’پرائمری‘ نوعيت کا قرار ديا گيا ہے جبکہ ايک اور لڑکے کو آنے والی چوٹ قدرے کم شدت کی ہی اور اسے سيئيٹل کے ہاربر ويو ميڈيل سينٹر منتقل کر ديا گيا ہے۔
بعد ازاں اسکول کو تمام فوری خطرات سے پاک قرار دے ديا گيا اور اب وہ زير تفتيش ہے۔ پوليس اہلکاروں نے کئی گھنٹوں تک اسکول کے تمام کمروں، دفاتر اور الماريوں وغيرہ کا جائزہ ليا اور پھر بقيہ طالب علموں کو باہر جانے کی اجازت دی۔ ايسی اطلاعات بھی ہيں کہ قريب تيس طلباء اب بھی اسکول ميں موجود ہيں، جن سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ باقی طلباء کو ايک قريبی گرجا گھر منتقل کر ديا گيا تھا، جہاں وہ اپنے والدين سے مل سکے۔
امریکا ہی میں بلا اشتعال فائرنگ کے ایک اور واقعہ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سیکرامینٹو میں رونما ہوا۔ سیکرامینٹو کیے وسطی حصے میں کھڑی ایک مشتبہ موٹر کار کی تلاشی کے لیے ایک پولیس اہلکار آگے بڑھا تو ڈرائیور نے اُسے فائر مار کر ہلاک کر دیا۔ پولیس افسر کا نام ڈینی اولیور بتایا گیا ہے۔ سیکرامینٹو کے شیریف اسکاٹ جونز نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ مشتبہ کار میں ڈرائیور کے ہمراہ ایک خاتون بھی تھی جو پہلی واردات کے بعد فرار ہو گئے۔ بعد میں فرار ہونے والے شخص نے ایک اور مقام پر فائرنگ کر کے ایک اور پولیس اہلکار کو ہلاک اور دوسرے کو زخمی کر دیا۔ اسی دوران فائرنگ سے ایک گاڑی کے ڈرائیور کو بھی زخمی کیا گیا۔ پولیس نے بعد میں مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔