1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ میں سعودی سفیر کے قتل کی مبینہ ایرانی سازش ناکام

12 اکتوبر 2011

امریکی سکیورٹی اداروں نے امریکہ میں تعینات سعودی سفیرعدل الجبیرکو ہلاک کرنے کی سازش ناکام بنا دی ہے۔ امریکی اٹارنی جنرل کے مطابق اس سازش کی تیاری میں ایرانی حکومت بھی ملوث تھی، جس کے لیے اسے جوابدہ ہونا پڑے گا۔

https://p.dw.com/p/12qO7
امریکی اٹارنی جنرل ایرک ہولڈرتصویر: dapd

امریکی محمکہء انصاف نے دو مشتبہ افراد پر فرد جرم عائد کردی ہے کہ انہوں نے واشنگٹن میں تعینات سعودی عرب کے سفیر کو امریکہ میں ہی ہلاک کرنے کی سازش کی۔ امریکی اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر نے اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا،’ مبینہ طور پر اس سازش کی تیاری اور معاونت میں ایران شامل ہے‘۔ سعودی حکام نے اس منصوبے کو ناکام بنا دینے پر امریکی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس مبینہ سازش کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ تاہم ایرانی حکومت نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔

ایرک ہولڈر نے کہا کہ ابھی تک کی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ اس سازش کا حکم بھی ایران سے ہی دیا گیا تھا، جو نہ صرف امریکہ بلکہ بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سازش میں ایرانی حکومت کے مبینہ کردار پر اسے جوابدہ ہونا پڑے گا۔ بتایا گیا ہے کہ اس سازش کی تیاری میں جن افراد پر فرد جرم عائد کی گئی ہے، ان دونوں کا تعلق ایران ہی سے ہے۔

NO FLASH Anschlagspläne Justizministerium FBI USA bezichtigen Iran
ایرک ہولڈر کے بقول اس سازش کی تیاری میں جن افراد پر فرد جرم عائد کی گئی ہے، ان دونوں کا تعلق ایران ہی سے ہےتصویر: dapd

56 سالہ منصور اربابسیار ایرانی نژاد امریکی شہری ہے جبکہ دوسرے کا نام غلام شکوری ہے، جو پاسداران انقلاب کی القدس نامی فورس کا رکن ہے۔ ہولڈر کے مطابق یہ سازش القدس فورس نے ایران میں تیار کی اور اس پر عملدرآمد کے لیے 1.5 ملین ڈالر کی رقم مختص کی گئی تھی۔

منصور اربابسیار کو 29 ستمبر کو نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئر پورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اس نے اعتراف جرم کر لیا ہے جبکہ بتایا گیا ہے کہ اس سازش کا دوسرا ملزم غلام شکوری ایران میں روپوش ہے۔ ایرک ہولڈر کے مطابق اس سازش کے تحت سعودی سفیر کو ہلاک کرنے کے لیے دھماکہ خیز مواد استعمال کیا جانا تھا۔

دوسری طرف ایرانی حکومت نے ان تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں ایک ’مزاحیہ ڈرامے‘ سے تعبیر کیا ہے۔ تہران حکومت کے بقول امریکہ نے یہ سازش دراصل اس لیے تیار کی ہے تاکہ وہ اپنے داخلی مسائل سے عوامی توجہ ہٹا سکے۔ دوسری طرف امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے خبردار کیا ہے کہ واشنگٹن حکومت اپنے اتحادی ممالک کے ساتھ مشاورت کرے گی کہ ایران کو کس طرح ’مزید تنہا‘ کیا جا سکتا ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں