1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ: ہرشہری کی انشورنس کے امکانات

8 نومبر 2009

امریکی ایوان نمائندگان نے صحت عامہ میں اصلاحات سے متعلق ایک انتہائی اہم بل کی منظوری دے دی ہے۔ اس بل کے تحت امریکی صحت عامہ کے شعبے میں چار دہائیوں میں سب سے بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی جائیں گی۔

https://p.dw.com/p/KR2H
تصویر: AP

اس بل کی منظوری کو صدر باراک اوباما کی اہم کامیابی تصور کیا جارہا ہے جن کے انتخابی منشور میں یہ نکتہ سرفہرست تھا۔ مزید قانون سازی کے لئےسینیٹ میں اس بل پر جلد ہی بحث ہوگی۔

امریکی صدر اوبامہ کے حامی ڈیموکریٹس ارکان کی خوشی قابل دید تھی جب اسپیکر نینسی پلوسی نے رائے شماری کے بعد بل کے پاس ہونے کا اعلان کیا۔ دو سو پندرہ ارکان نے بل کی مخالفت جبکہ دو سو بیس نے اس کی حمایت کی۔ اس سے یہ اندازہ لگانا انتہائی آسان ہےکہ اس بل کے پاس ہونے میں ڈیموکریٹ امریکی صدر باراک اوباما کوکتنی مشکلات رہیں۔ ہفتہ کی شب حتمی رائے شماری سے قبل امریکہ قانون ساز اس معاملے کے مختلف پہلووں پر بارہ طویل گھنٹوں تک بحث کرتے رہے۔

باراک اوباما نے بل کی منظوری کو امریکی تاریخ میں ایک اہم موڑ قراردیا۔ انکے بقول ''ایسے مواقع شائد کئی نسلوں کے بعد ہی کسی کو میسر آتے ہوں، یہ لمحہ ہمارا ہے اور ہم امریکی عوام کی ان امیدوں کو حقیقت کا روپ دیں جنہوں نے ہم پر بھروسہ کیا ہے''

رائے شماری کے دوران ایک موقع پر بل کی حمایت میں دو سو چالیس ووٹ تھے جب اسقاط حمل کے لئے حکومتی فنڈز میں کٹوتی کے معاملے پر بحث کی جارہی تھی۔ اسی دوران ری پبلکن ارکان کی جانب سے بل کے مقابلے میں ایک متبادل پیش کیا گیا جسے خاص پذیرائی حاصل نہ ہوسکی۔

Flash-Galerie Ein Jahr Obama
صحت کے شعبے میں اصلاحات، اوبامہ کے منشور کا مرکزی نتکہ رہا ہےتصویر: White House

صنعتی طورپر ترقی یافتہ ممالک میں امریکہ وہ واحد ملک ہے جہاں تمام ملکی آبادی کو صحت سے متعلق تحفظ Health Insurance حاصل نہیں۔ اس بل کی قانونی حیثیت طے ہونے کے بعد امریکہ میں انشورنس سے محروم چھتیس ملین شہریوں کو انشورنس حاصل ہوسکے گی جبکہ مجموعی طور پر ملک کی اٹھانوے فیصد آبادی کے لئے معقول قیمت پر صحت عامہ کی سہولیات کا حصول ممکن ہوسکے گا۔

باراک اوباما نے امریکی قوم کے لئے اس قانون کی منظوری سے ہونے والے چند فوائد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ '' اس بل کی منظوری سے امریکی شہریوں کوسلامتی اور استحکام نصیب ہوگا اور جیسا کہ میں ابتداء سے ہی کہتا آیا ہوں اس بل کی منظوری سے ہمارے طویل مدتی وفاقی خسارےمیں بھی کمی آئے گی''

بل کی منظوری سے حکومت کی سرپرستی میں امریکی شہریوں کے لئے انشورنش پلان ترتیب دیا جائے گا، جو Public Option یعنی عوامی انتخاب کے نام سے مشہور ہے۔ اس منصوبے پر اگلے دس سال تک تقریباً نو سو بلین ڈالر کی لاگت آئے گی۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : عدنان اسحٰق