امریکی دارالحکومت میں فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص ہلاک
20 ستمبر 2019امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں فائرنگ کے دو مزید واقعات کی پولیس نے تصدیق کر دی ہے۔ مقامی پولیس نے بتایا ہے کہ شوٹنگز میں ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔ ان واقعات میں ایک خاتون سمیت آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
فائرنگ کا ایک واقعہ واشنگٹن (ڈی سی) کے شمال مغرب کے نواح میں واقع پرامن سمجھے جانے والے معروف رہائشی علاقے کولمبیا ہائٹس کے ایک بھیڑ والے بازار میں ہوا۔ اس علاقے میں کی جانے والی فائرنگ میں دو افراد ملوث بتائے گئے ہیں اور اُن کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق کولمبیا ہائٹس کا علاقہ امریکی صدر کی رہائش گاہ وائٹ ہاؤس سے زیادہ دور نہیں ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق کولمبیا ہائٹس اور وائٹ ہاؤس کے بیچ فاصلہ محض دو کلومیٹر ہے۔ کولمبیا ہائٹس کے علاقے میں بلا اشتعال فائرنگ سے زخمی پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ طبی حلقوں کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
جمرات انیس ستمبر کی رات میں فائرنگ کا ایک اور واقعہ واشنگٹن کے شمال مشرق میں رونما ہوا۔ ان واقعات کے بعد واشنگٹن کی پولیس کی بھاری نفری کو متحرک دیکھا گیا۔ سڑکوں اور چوراہوں سمیت کئی دوسرے مقامات پر پولیس مشتبہ افراد کی تلاش میں مصروف ہے۔
امریکی دارالحکومت کی پولیس نے شوٹنگز کے ان دونوں واقعات میں کسی ربط یا تعلق کے بارے کچھ نہیں بتایا ہے۔ دونوں واقعات میں ملوث افراد کے بارے میں کوئی اطلاع بھی فراہم نہیں کی گئی اور نہ ہی کسی مشتبہ شخص کو ابھی تک حراست میں لیا گیا ہے۔
ع ح ⁄ ع ج ( اے پی، روئٹرز)