1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی وزیردفاع گیٹس کی اپناعہدہ چھوڑنے کی خواہش

17 اگست 2010

امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نےاس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ سن 2011ء میں اپنے عہدے کو خیر باد کہہ دیں گے۔ دوسری طرف گیٹس کے پریس سیکریٹری نے کہا ہے کہ وزیر دفاع کے اس بیان کو ان کی ریٹائرمنٹ کا اعلان نہ سمجھا جائے۔

https://p.dw.com/p/Op42
تصویر: AP

66 سالہ رابرٹ گیٹس نے پیر کو فارن پالیسی میگزین کو دئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ سن 2011ء میں ان کا وزیر دفاع کے عہدے سے سبکدوش ہو جانا ایک اچھا وقت ہوگا کیونکہ تب تک معلوم ہو جائے گا کہ افغانستان میں اپنائی گئی حکمت عملی کتنی سود مند ہے۔

گیٹس نے کہا ،’’میرے خیال میں آئندہ برس تک یہ معلوم ہو جائے گا کہ آیا افغانستان میں اپنائی گئی ہماری حکمتِ عملی کامیاب رہی یا نہیں۔ اس وقت تک ہم افغانستان میں موجود فوج کی تعداد میں مزید اضافہ بھی کر چکے ہوں گے اور دسمبر تک ہم اپنی کارراوئیوں کا جائزہ بھی لے چکے ہوں گے۔ میرے خیال میں، سن2011ء کے دوران میرے پاس ایک منطقی موقع ہو گا کہ میں اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جاؤں۔‘‘

انٹرویو میں رابرٹ گیٹس کا کہنا تھا کہ یہ مناسب نہیں ہوگا کہ وہ سن 2012ء تک اپنے عہدے پرتعینات رہیں کیونکہ اس سال الیکشن منعقد کئے جا رہے ہوں گے اور موجودہ انتظامیہ کے لئے اس دوران ایک ’مناسب امیدوار‘ کا انتخاب کافی پیچیدہ ہو جائے گا۔

China Besuch US-Verteidigungsminister Donald Rumsfeld p178
سابق امریکی وزیر دفاع ڈونلڈ رمزفیلڈتصویر: AP

چالیس سال کا وسیع تر تجربہ رکھنے والے گیٹس کے ان بیانات کو ان کی ریٹائرمنٹ کا اعلان تصور کیا جا رہا ہے تاہم پینٹاگون نے فارن پالیسی میگزین میں شائع ہونے والے گیٹس کے اس انٹرویو کی اہمیت کو کم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ان کی ریٹائرمنٹ کا اعلان مت سمجھا جائے کیونکہ ایسی خواہشات کا اظہار گیٹس ماضی میں بھی کر چکے ہیں۔ پینٹا گون کے ترجمان جیف مورل نے کہا ہے کہ گیٹس نے صرف اپنی خواہش کا اظہار کیا ہے کہ کس وقت وہ اپنی ذمہ داریوں سے الگ ہونا چاہتے ہیں۔

رابرٹ گیٹس افغان جنگ کی منصوبہ بندی میں ایک اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور وہ واحد ری پبلکن ہیں جو ڈیموکریٹس کے اقتدار میں آنے کے بعد بھی اپنی پوزیشن پر برقرار رہے۔ امریکی خفیہ ادارے کے سابق ڈائریکٹر گیٹس سن 2006ء میں ڈونلڈ رمز فیلڈ کی جگہ وزیر دفاع کے عہدے پر تعینات کئے گئے تھے۔

پیر کو ہی رابرٹ گیٹس نے اپنے مؤقف کو دہرایا ہے کہ آئندہ جولائی سے افغانستان میں متعین امریکی فوجیوں کے انخلاء کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ اتوار کو افغانستان میں غیر ملکی افواج کے کمانڈر جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نے کہا تھا کہ سن2011ء میں وہاں سے امریکی افواج کا انخلاء کوئی لازمی بات نہیں ہے۔ پیٹریاس کے اس بیان کے بعد گیٹس نے لاس اینجلس ٹائمز کو دئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہئے کہ جولائی سن 2011ء سے واشنگٹن حکومت افغانستان سے اپنے فوجیوں کی واپسی کا عمل شروع کر دے گی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں