1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انڈین پریمیئر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا باقاعدہ آغاز

12 مارچ 2010

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی معروف لیگ ’آئی پی ایل‘ کا تیسرا سیزن باقاعدہ طور پر شروع ہو گیا ہے۔ انڈین پریمیئر لیگ کے تازہ ایڈیشن کا پہلا میچ دفاعی چیمپیئن دکن چارجرز اور کولکتہ نائٹ رائڈرز کے درمیان نئی ممبئی میں ہو رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/MRBk
تصویر: Fotoagentur UNI
Indian Premier League Finale
گزشتہ سال دکن چارجرز نے انڈین پریمیئر لیگ ٹورنامنٹ جیتا تھاتصویر: AP

انڈین پریمیئر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں بھی آٹھ ہی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ چنئی سُپر کنگس، دکن چارجرز، دہلی ڈیئر ڈیویلز، کنگس الیون پنجاب، کولکتہ نائٹ رائڈرز، ممبئی انڈینز، راجستھان رائلز اور رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیمیں اس بار بھی چیمپیئن بننے کے لئے سر توڑ کوششیں کریں گی۔ ’آئی پی ایل‘ کے پہلے سیزن میں چیمپیئن شپ، راجسھتان رائلز نے شین وارن کی قیادت میں جیتی تھی جبکہ دوسرے سیزن میں دکن چارجرز نے ایڈم گلکرسٹ کی کپتانی میں ٹائٹل اپنے نام کر لیا تھا۔

Indian Premier League Südafrika
ایڈم گلکرسٹ کی قیادت میں دکن چارجرز کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کر رہی ہےتصویر: AP

پریمیئر لیگ کا پہلا سیزن بھارت میں ہی کھیلا گیا تھا تاہم سیکیورٹی وجوہات کے باعث اس کا دوسرا ایڈیشن جنوبی افریقہ میں کھیلا گیا۔

دوسرے سیزن کی طرح اس مرتبہ بھی انڈین پریمیئر لیگ میں پاکستان کا ایک بھی کھلاڑی شریک نہیں ہے۔ ممبئی حملوں کے بعد پاکستانی حکام نے اپنے کھلاڑیوں کو سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر ’آئی پی ایل‘ کے دوسرے ایڈیشن میں کھیلنے کی اجازت نہیں دی تھی جبکہ اس بار لیگ کی آکشن میں ایک بھی پاکستانی کھلاڑی فروخت نہیں ہوا۔

Filmszene aus Billu Barber
بالی وُڈ سٹار شاہ رخ خان اور دیپیکا پاڈوکونتصویر: Eros International

’آئی پی ایل‘ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب نئی ممبئی کے سٹیڈیم میں منعقد ہوگی، جس میں نامور بین الاقوامی پرفارمرز کے ساتھ ساتھ بالی وُڈ سٹار دیپیکا پاڈوکون بھی اپنے جلوے دکھا رہی ہیں۔ اس تقریب کے ساتھ ہی 45 روز پر مشتمل تفریح سے پُر اس ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔

Indian Premier League Südafrika
کولکتہ نائٹ رائڈرز کے کپتان سورو گنگولی نے کہا ہے کہ اس بار ’’باتیں کم اور کام زیادہ ہونا چاہیے‘‘تصویر: AP

بارہ مارچ کو کولکتہ نائٹ رائڈرز اور دفاعی چیمپیئن دکن چارجرز کے مابین پہلے میچ کے بعد نئی ممبئی کے سٹیڈیم میں تیرہ مارچ کو دوسرا میچ ممبئی انڈینز اور راجستھان رائلز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ممبئی انڈینز کی قیادت بھارتی سٹار کرکٹر ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر کر رہے ہیں جبکہ راجستھان رائلز کی باگ ڈور شہرہ آفاق آسٹریلوی لیگ سپنر شین وارن کے ہاتھوں میں ہے۔

انڈین پریمیئر لیگ کے تیسرے سیزن میں کئی نئے انٹرنیشنل کھلاڑی کھیل رہے ہیں، جن میں ویسٹ انڈیز کے آل راوٴنڈر کیون پولارڈ اور انگلش بیٹسمین اوئن مارگن قابل ذکر ہیں۔

پچھلے دو سیزنس میں ’آئی پی ایل‘ کی کمزور ترین ٹیم کولکتہ نائٹ رائڈرز نے اس مرتبہ اچھی کارکردگی دکھانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ نائٹ رائڈرز کے کپتان سورو گنگولی نے کہا ہے کہ اس بار ’’باتیں کم اور کام زیادہ ہونا چاہیے۔‘‘ اس سیزن میں پاکستان کے مایہ ناز سابق ٹیسٹ کپتان اور سوئنگ بولنگ کے ’سلطان‘ وسیم اکرم نائٹ رائڈرز ٹیم کے بولنگ کوچ ہیں۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں