انگلینڈ کے خلاف جرمنی کی شاندار فتح
27 جون 2010میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر حملے کرنا شروع کر دئے تھے۔ تاہم ناک آؤٹ مرحلے کے اس میچ کے 20 ویں منٹ میں کلوزے نے جرمنی کو ایک گول کی برتری دلائی، جسے بارہ منٹ بعد ہی لوکاس پوڈولسکی نے ایک اور خوبصورت گول کر کے دوگنا کر دیا۔
اس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم ایک مرتبہ پھر کھیل میں واپس آئی اور جرمن گول پرایک کے بعد ایک حملے شروع کئے۔ انگلینڈ کی جانب سے پہلا گول کھیل کے 37 ویں منٹ میں میتھیو اُپسن نے کیا۔
انگلینڈ کی جانب سے ایک مرتبہ فرانک لیمپرڈ نے بھی بال جرمن گول میں پھینکی مگر لائن ریفری کی نگاہ اس پر نہ پڑ سکی اور اس نے کھیل جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے اسے گول قرار نہیں دیا۔
دوسرے ہاف میں جرمن کھلاڑی تھوماس ملر نے یکے بعد دیگرے دو گول کر کے انگلش ٹیم کو پریشان کر دیا۔ 67 ویں منٹ پر شوائن شٹائیگر کے پاس پر ملر نے شاندار گول کیا اور ٹھیک تین منٹ بعد محسوت اوزل کے ایک عمدہ پاس پر انفرادی طور پردوسرا جبکہ مجموعی طور پر چوتھا گول کیا۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : عاطف بلوچ