1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اوباما نیتن یاہو ملاقات

24 مارچ 2010

اسرائیلی وزیر اعظم اور امریکی صدر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا کچھ زیر بحث لایا گیا۔ یہ میڈیا کو نہیں بتایا گیا۔ لیکن اِس ملاقات کو انتہائی اہم قرار دیا گیا۔

https://p.dw.com/p/MaTP
تصویر: AP
واشنگٹن میں امریکی صدر باراک اوباما اور اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔ وائٹ ہاؤس میں ہونے والی یہ ملاقات نوے منٹ تک جاری رہی۔ اسرائیلی وزیراعظم امریکی صدر سے ملاقات کے بعد بھی دوگھنٹے تک وائٹ ہاؤس میں موجود رہے۔ تاہم وائٹ ہاؤس کی طرف سے اس ملاقات یا نیتن یاہو کی ملاقات کے بعد کی مصروفیات کے بارے میں ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ میڈیا کو بھی اس ملاقات سے قبل رہنماؤں کے روایتی مصافحے اور ابتدائی بات چیت کی کوریج کے لئے نہیں بلایا گیا تھا۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے منگل کے روز دھمکی دی تھی کہ امریکہ کی طرف سے یہودی بستیوں کی تعمیر روکنے کے فلسطینی مطالبے کی حمایت امن مذاکرات میں ایک برس تک کی تاخیر کا باعث بن سکتی ہے۔ دوسری جانب امریکہ، اقوام متحدہ اور یورپی یونین سمیت دنیا کی بڑی طاقتوں کی طرف سے اسرائیل پر مسلسل دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ وہ مشرق وسطی میں قیام امن کے لئے مشرقی یروشلم میں یہودی مکانات کی تعمیر کا فیصلہ واپس لے۔ جسے اسرائیل کی جانب سے رد کردیا گیا ہے۔ جس کے باعث امریکہ اور اسرائیل کے درمیان سفارتی سطح پر کشیدگی پائی جاتی ہے۔

Joseph Biden und Benjamin Netanyahu Flash-Galerie
اسرائیلی وزیر اعظم اور امریکی نائب صدر جو بائڈنتصویر: AP

ان حالات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان اس ملاقات کو بہت زیادہ اہمیت دی جارہی تھی۔ تاہم ملاقات سے قبل تک بنجمن نیتن یاہو مشرقی یروشلم میں یہودی بستیوں کی تعمیر سے متعلق اپنے حق سے دستبردار ہونے پر ہرگز تیار نظر نہیں آتے تھے۔ صدر باراک اوباما سے ملاقات سے چند گھنٹے قبل نیتن یاہو نے اپنے ان خیالات کا اظہار ان الفاظ میں کیا:

" ہر کوئی جانتا ہے۔ ہر کوئی، امریکہ، یورپی ممالک، ظاہر ہے اسرائیلی، فلسطینی، ہر کوئی جانتا ہےکہ کسی بھی تصفیے کی شکل میں یہ علاقے اسرائیل کا حصہ ہوں گے۔ اس لئے ان علاقوں میں میں نئی بستیوں کی تعمیر کسی طور پر بھی دو ریاستی حل کی راہ میں رکاوٹ نہیں ہے۔ "

تاہم امریکہ اس سے قبل متنبہ کرچکا ہے کہ مشرقی یروشلم میں نئے یہودی مکانات کی تعمیر براہ راست امریکہ کی اس حیثیت پر اثر انداز ہو رہی ہے جو وہ فریقین کے درمیان تصفیے اور اسرائیل اور فلسطین کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لئے کر رہا ہے۔

امریکہ کی طرف سے نو مارچ کو امریکی نائب صدر جو بائڈن کے دورہ اسرائیل کے دوران مشرقی یروشلم میں 16 سو نئے مکانات کی تعمیر کے اعلان پر شدید رد عمل کا اظہار کیا گیا تھا۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: عابد حسین