اٹلی: وینس فلم فیسٹول کا آغاز
2 ستمبر 2009وینس سے منسلک لِی ڈو نامی جزیرے پر اس فلمی میلے کا انعقاد ہر سال اسی مہینے میں کیا جاتا ہے۔ وینس فلم فیسٹول گیارہ دن تک جاری رہتا ہے۔ دنیا بھر کی فلمی صنعتوں سے تعلق رکھنے والے مختلف فنکار اور تکنیکی ماہرین فوٹو شوٹ، پارٹیز اور فلموں کی نمائش کے لئے اِس میلے میں شرکت کرتے ہیں۔
وینس فلم فیسٹول کی انتظامیہ کے مطابق اِس سال ہالی وڈ کے بہت سے نامور اداکاروں کی شرکت بھی اس میلے میں متوقع ہے۔ ہالی وڈ کے متوقع اداکاروں میں میٹ ڈیمن، مائیکل مُور، نکولس کیج، جارج کلُونی، اولیور اسٹون، چارلیز تھیرون، ایوا مینڈس، رچرڈ گیر اور سلویسٹر اسٹالون شامل ہیں۔ ہالی وڈ کے مذکورہ اداکار اس میلے میں اپنی اپنی فلموں کی نمائش کے موقع پر اِن فلموں کے ہدایت کاروں کے ساتھ آڈیئنس اور ججز کے سوالات کے جوابات بھی دیں گے۔
فیسٹول آرگنائزرز نے اس میلے میں چار چاند لگانے اور اسے دوسرے بین الا قوامی میلوں سے منفرد بنانے کی غرض سے لی ڈو کے جزیرے پر موجود سنیما کمپلیکس کی آرائش و زیبائش کا کام بھی شروع کررکھا ہے۔ لی ڈو سنیما کمپلیکس کی آرائش پر 100 ملین یورو کے قریب لاگت آئے گی۔
وینس فلم فیسٹول کا آغاز اٹلی کے نامور ہدایت کار جیزیپے ٹورناٹورے کی نئی فلم Baaria سے کیا گیا۔ اِس فلم کی پروڈکشن پر 25 ملین یورو کی لاگت آئی ہے، جو کہ اٹلی کی فلمی صنعت کی تاریخ میں سب سے زیادہ مہنگی پرڈکشن ہے۔ گزشتہ بیس سال میں یہ پہلا موقع ہے جب اس عالمی فلمی میلے کا آغاز اٹلی میں تیار کی گئی ایک ہوم پروڈکشن سے کیا گیا ہے۔ اِس بار اِس میں جرمنی سے بھی متعدد فلموں کی نمائش کی جا رہی ہے۔
رپورٹ : انعام حسن
ادارت : عاطف توقیر