’اڑتا ہوا فرانسیسی‘ رودبار انگلستان عبور کرنے میں کامیاب
4 اگست 2019فرانسیسی نشریاتی اداروں پر دکھائی جانے والی فوٹیج کے مطابق فرینکی زاپاٹا، جو ایک مہم جو موجد ہیں، آج اتوار چار اگست کو انگلش چینل کو ایک ہوور بورڈ کی مدد سے اس طرح پار کرنے میں پہلی مرتبہ کامیاب ہو گئے کہ انہوں نے اپنا سفر فرانس سے شروع کیا اور برطانیہ پہنچنے تک وہ ہوا میں 'اڑتے رہے‘ تھے۔
چالیس سالہ زاپاٹا نے اپنی اس منفرد مہم کا آغاز عالمی وقت کے مطابق اتوار کو صبح چھ بج کر سترہ منٹ پر فرانسیسی شہر کَیلے کے نواح سے ایک ہورو بورڈ کی مدد سے کیا اور بیس منٹ سے کچھ ہی زیادہ دیر کے بعد وہ برطانیہ پہنچ گئے۔
برطانیہ میں وہ جنوبی انگلینڈ میں ڈوور کے ساحلی خطے کے سینٹ مارگریٹ بے نامی علاقے میں زمین پر اترے۔ ان کی 'لینڈنگ‘ دیکھنے کے لیے وہاں بہت سے شائقین موجود تھے، جنہوں نے تالیاں بجا کر ان کا خیر مقدم کیا اور انہیں پہلی بار اس طرح انگلش چینل عبور کرنے پر مبارک باد دی۔
پہلی کوشش ناکام رہی تھی
زاپاٹا نے جس ہوور بورڈ کے ساتھ رودبار انگلستان کو پار کیا، وہ انہوں نے خود ہی تیار کیا تھا۔ اس سے قبل 25 جولائی کو بھی انہوں نے انگلش چینل کو اسی ہوور بورڈ کی مدد سے پار کرنے کی کوشش تو کی تھی لیکن راستے میں ایندھن بھرنے کے لیے بنائے گئے ایک پلیٹ پر لینڈ کرنے کی کوشش کے دوران وہ سمندر میں گر گئے تھے اور یوں ان کی یہ کوشش ناکام ہی رہی تھی۔
اس مرتبہ تاہم وہ یہ منفرد عالمی ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ انگلینڈ میں ڈوور کے قریب زمین پر اترنے کے بعد فرینکی زاپاٹا نے صحافیوں کو بتایا، ''آخری پانچ چھ کلومیٹر کا سفر تو میرے لیے بڑا ہی شاندار تھا۔ لیکن آیا میں نے کوئی تاریخی کام کیا ہے، اس کا فیصلہ میں خود نہیں کر سکتا۔ یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا۔‘‘
فی گھنٹہ رفتار ایک سو ساٹھ کلومیٹر
زاپاٹا نے صحافیوں کو بتایا، ''میں نے یہ ہوور بورڈ بنانے کا کام تین سال پہلے شروع کیا تھا اور آج میں اس کی مدد سے انگلش چینل پار کرنے میں کامیاب ہو گیا ہوں۔‘‘ یہ کہتے ہوئے فرینکی زاپاٹا خوشی سے آبدیدہ ہو گئے تھے۔
اس 'فلائنگ فرنچ مین‘ نے کیلے سے ڈوور تک ہوا میں اڑتے ہوئے جو فاصلہ طے کیا، وہ 35 کلومیٹر بنتا ہے اور اس کے لیے 20 منٹ کے عرصے میں ان کے ہوور بورڈ کی رفتار 160 سے لے کر 170 کلومیٹر فی گھنٹہ تک رہی تھی۔
اپنی اولین کوشش کے برعکس اس مرتبہ انہوں نے دوران سفر اپنے ہوور بورڈ میں ایندھن بھرنے کے لیے جو پلیٹ فارم استعمال کیا، وہ زیادہ بڑا تھا اور اسے ایک زیادہ بڑی کشتی پر نصب کیا گیا تھا۔
م م / ع ح / روئٹرز