ایرانی جوہری معاہدے کی اہمیت بڑھ گئی ہے، برطانیہ
1 مئی 2018برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے کہا ہے کہ ایران کے حوالے سے اسرائیلی دعووں کی مکمل انداز میں تصدیق کی جانا چاہیے۔ بورس جانسن کے بقول ایران کی جوہری صلاحیت کے بارے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے انکشافات کے بعد جوہری معاہدے پر عمل درآمد اور بھی ضروری ہو گیا ہے کیونکہ اس طرح تہران کو اس کے جوہری ارادوں سے باز رکھنا ممکن ہو گا۔
’خفيہ ايٹمی پروگرام سے متعلق اسرائيلی الزام بے بنياد ہے‘
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے گزشتہ روز ان کے بقول ایسی خفیہ جوہری دستاویزات پیش کی تھیں، جن کا تعلق ایران کی جانب سے خفیہ طور پر جوہری ہتھیار سازی سے تھا۔
تہران اپنا جوہری ہتھیاروں سے متعلق پروگرام ترک کر چکا ہے، موگیرینی
دوسری طرف یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیدیریکا موگیرینی نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو ابھی تک اپنے ان الزامات کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکے کہ ایران عالمی طاقتوں کے ساتھ اپنے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا ہے۔
فیدریکا موگیرینی نے کہا کہ تہران جوہری ہتھیاروں سے متعلق اپنا پروگرام ترک کر چکا ہے اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کی طرف سے معائنوں کی صورت میں خود پر عائد ہونے والی ذمے داریاں بھی پوری کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی توانائی کا عالمی ادارہ اپنی ایسی کئی رپورٹیں جاری کر چکا ہے، جن کے مطابق ایران جوہری ڈیل کے تمام حصوں پر پوری طرح عمل درآمد کر رہا ہے۔
ا ب ا / ع ا (خبر رساں ادارے)