ایرانی صدر کی کابل آمد، رابرٹ گیٹس کی روانگی
10 مارچ 2010رابرٹ گیٹس نے اِس ہفتے کے شروع میں ایران پر الزام لگایا کہ تہران افغانستان میں ڈبل گیم کھیل رہا ہے جبکہ محمود احمدی نژاد نے کابل پہنچنے کے بعد واشنگٹن پر بھی دوہری چالیں چلنے کا الزام لگایا۔
امریکہ اور ایران کے درمیان غیراعلانیہ سرد جنگ کی حدت کو بدھ کے دن افغانستان میں بھی محسوس کیا گیا، جب ایرانی صدر محمود احمدی نژاد اور امریکی وزیر ِدفاع رابرٹ گیٹس نے تندوتیز جملوں سے بھرے بیانات دے کر ایک دوسرے پرالزام تراشی کی۔
امریکی وزیرِ دفاع نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حامد کرزئی کو بتا دیا ہے کہ واشنگٹن کابل اور اس کے تمام پڑوسی ممالک کے درمیان بہترتعلقات کا خواہاں ہے۔ لیکن امریکی حکومت یہ بھی چاہتی ہے کہ یہ پڑوسی ممالک افغان حکومت کے ساتھ مخلص رہیں۔
ایرانی صدر احمدی نژاد نے اپنے افغان ہم منصب حامد کرزئی کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جن دہشت گرودں کے خلاف امریکہ لڑنے کا دعویٰ کر رہا ہے، وہ خود واشنگٹن کی پیداوار ہیں۔ احمدی نژاد نے غیر ملکی افواج کی افغانستان میں موجودگی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس موجودگی سے افغانستان میں امن قائم نہیں ہوگا۔
صدر منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے دورہ افغانستان پر آنے والے ایرانی صدر نے رابرٹ گیٹس کے بیان پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ خود افغانستان میں دوہرا گیم کھیل رہا ہے۔ افغان صدرحامد کرزئی نے محتاط انداز میں مختصر سے وقت کے لئے لب کشائی کرتے ہوئے جنگ سے تباہ حال ملک کی مدد کرنے پر تہران کا شکریہ ادا کیا۔ افغان صدر نے اِس امید کا اظہارکیا کہ ایران افغانستان میں امن کے قیام کے لئے کابل حکومت کے ساتھ تعاون کرے گا۔
افغانستان کی بدلتی ہوئی صورت حال کے پیشِ نظر علاقائی اور مغربی دارالخلافوں میں سفارتی سرگرمیاں تیز ہوتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ افغان صدر آج پاکستان کے دورے پر بھی روانہ ہورہے ہیں، جہاں بعض تجزیہ نگاروں کے مطابق وہ ممکنا طور پر پاکستان سے یہ مطالبہ کریں گے کہ گرفتار طالبان رہنماوں کو کابل کے حوالے کیا جائے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق پاکستان کابل حکومت سے مغربی فوجوں کی واپسی کی صورت میں علاقے میں اپنے لئے زیادہ اہم اسٹریجک کردار کا مطالبہ کرے گا۔ دوسری طرف برطانوی وزیرخارخہ ڈیوڈ ملی بینڈ بدھ کو امریکہ میں ایک تقریب سے خطاب کرنے جارہے ہیں، جہاں وہ افغان حکومت پر زور دیں گے کہ وہ ملک میں امن کے قیام کےلئے سیاسی راستہ تلاش کرے۔
رپورٹ: عبدالستار
ادارت: عدنان اسحاق