ایردوآن کا امتحان، سولہ اپریل کا ریفرنڈم
14 اپریل 2017ریفرنڈم میں کامیابی حاصل کرنے کی مہم میں ترک صدر نے عوام کو نئے ہوائی اڈے، ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کے قیام کے وعدے کیے ہیں۔ وہ اپنے ملک کی ورکنگ کلاس کو زیادہ سے زیادہ خوش کرنے کی کوشش میں ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ ایردوآن ترکی کی اکثریتی ورکنگ کلاس میں انتہائی مقبول ہیں۔
ایروآن استنبول کی ایک جام لیکا پہاڑی پر ایک بڑی مسجد تعمبر کر رہے ہیں۔ اس مسجد کی تعمیر میں شہر کی مساجد کی تنظیم مالی مدد کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس تنظیم کے صدر ارحین کولُونک کا کہنا ہے کہ پندرہ برس قبل جو ناممکن تھا، ایردوآن نے وہ ممکن کر دکھایا اور اُن کی شخصیت کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ وہ ایک عام آدمی کے دل کو چھو لیتے ہیں۔
ریفرنڈم کی مہم کے دوران ترک عوام میں تقسیم دیکھی جا رہی ہے۔ ایسا خیال کیا گیا ہے کہ ایردوآن کو اس ریفرنڈم میں تاریخی کامیابی حاصل ہو سکتی ہے۔ یہ مہم ترکی سے باہر کئی ملکوں میں آباد ترک شہریوں تک پھیلانے کی کوشش ضرور کی گئی لیکن یورپ میں آسٹریا اور جرمنی کے انتظامی اقدامات نے رجب طیب ایردوآن کو ایسے خفا کر دیا کہ انہوں نے ان اقدامات کا موازنہ نازی دورِ حکومت کے ساتھ کر دیا۔
اُن کے مخالفین کا خیال ہے کہ ایردوآن صدر کے منصب میں زیادہ سے زیادہ اختیارت حاصل کرنے کے جنون میں مبتلا ہیں اور یہ انجام کار آمریت کی صورت میں عوام کو برداشت کرنا پڑے گا۔ اُن کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایردوآن کو اپنے ہاتھ میں زیادہ سے زیادہ قوت جمع کرنے کا نشہ ہو گیا ہے اور یہ سلسلہ مصطفیٰ کمال اتاترک کی قیادت میں ایک صدی قبل قائم کی گئی سیکولر جمہوری ریاست کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دے گا۔ ناقدین کا یہ بھی کہنا ہے کہ جتنا عرصہ وہ اقتدار پر براجمان رہیں گے، وہ ترکی کو مغربی جمہوری اقدار سے دور لے جاتے جائیں گے۔
تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ ریفرنڈم کے اثرات صرف ترکی کے اندر محدود نہیں ہوں گے بلکہ کئی دوسرے ملکوں میں ان کا اثر محسوس کیا جائے گا۔ اس بات کا قوی امکان ہے کہ ایردوآن ایک طاقتور صدر کی حیثیت سے یورپی یونین کے ساتھ مہاجرین کو روکنے کی ڈیل پر کوئی بڑا فیصلہ کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ترکی شامی تنازعے پر بھی اپنی حکمت عملی کو ازسرنو ترتیب دے سکتا ہے۔