1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں اے آئی کے تدریسی استعمال کی زیادہ حمایت کا مطالبہ

4 جنوری 2024

جرمنی میں اساتذہ کی ایک ملکی تنظیم نے تعلیمی شعبے میں مصنوعی ذہانت کے زیادہ، بہتراور مؤثر استعمال کی حمایت کی ہے۔ اس تنظیم کا کہنا ہے کہ اے آئی کو استعمال کرتے ہوئے تعلیم و تدریس بہتر بنائی جا سکتی ہیں۔

https://p.dw.com/p/4arcP
جرمنی کے ایک اسکول کا کلاس روم جس میں شام اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کے گھرانوں کے طلبہ بھی دیکھے جا سکتے ہیں
جرمنی کے ایک اسکول کا کلاس روم جس میں شام اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کے گھرانوں کے طلبہ بھی دیکھے جا سکتے ہیںتصویر: Klaus Peters/dpa-Zentralbild/picture alliance

جرمن ٹیچرز فیڈریشن نامی اس تنظیم کے مطابق مصنوعی ذہانت تعلیمی شعبے میں بھی ایک ایسا نیا امکان ہے، جسے زیادہ سے زیادہ بہتر طور پر استعمال کر کے طلبہ اور اساتذہ دونوں کے لیے تدریسی عمل کو مزید سود مند بنایا جا سکتا ہے۔

رواں برس جرمن اسکولوں میں طلبہ کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

اس تنظیم کے صدر شٹیفان ڈیُل نے جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ حکومت کو تعلیمی شعبے میں مصنوعی ذہانت کے استعمال سے متعلق طریقہ ہائے کار کی وضاحت کرتے ہوئے اس کے لیے عملی مدد اور تعاون بھی کرنا چاہیے۔

شٹیفان ڈیُل نے کہا، ''یہ بات تعلیمی اداروں کے لیے انتہائی اہم ہے کہ انہیں طلبہ کو تحریر و ترجمے اور تجزیے کے عمل میں مدد دینے کے لیے مصنوعی ذہانت استعمال کرنے والے ایسے سافٹ ویئر مہیا کیے جائیں، جن کے ساتھ وہ جدید انداز میں تعلیم بھی حاصل کر سکیں لیکن ساتھ ہی بچوں کی پرائیویسی اور ان کے نجی کوائف کے تحفظ کی ضمانت بھی دی جا سکے۔

جرمن ٹیچرز فیڈریشن کے صدر نے تعلیمی اداروں میں مثال کے طور پر چیٹ جی پی ٹی جیسے سافٹ ویئر استعمال کرتے ہوئے ان کے صارفین کا ڈیٹا مکمل طور پر خفیہ رکھے جانے کا مطالبہ کیا ہے
جرمن ٹیچرز فیڈریشن کے صدر نے تعلیمی اداروں میں مثال کے طور پر چیٹ جی پی ٹی جیسے سافٹ ویئر استعمال کرتے ہوئے ان کے صارفین کا ڈیٹا مکمل طور پر خفیہ رکھے جانے کا مطالبہ کیا ہےتصویر: Luka Stanzl/Pixsell/picture alliance

اس کے لیے جرمن ٹیچرز فیڈریشن کے صدر نے تعلیمی اداروں میں مثال کے طور پر چیٹ جی پی ٹی جیسے سافٹ ویئر استعمال کرتے ہوئے ان کے صارفین کا ڈیٹا مکمل طور پر خفیہ رکھے جانے کا مطالبہ بھی کیا۔

جرمنی میں طلبہ کو رہائش گاہوں کے حصول میں مشکلات

دنیا کے کئی دیگر ممالک کی طرح جرمنی میں بھی اس حوالے سے قواعد و ضوابط ابھی وضع کیے جانا ہیں کہ تعلیمی شعبے میں اے آئی کا استعمال کس حد تک اور کن مقاصد کے لیے اس طرح کیا جانا چاہیے کہ یوں طلبہ کی انفرادی ذہنی صلاحیتوں میں اضافے کا عمل بھی متاثر نہ ہو۔

جرمنی میں مجموعی طور پر تمام اسکولوں کے کل وقتی اور جزوقتی اساتذہ کو ملا کر ان کی تعداد تقریباﹰ آٹھ لاکھ بنتی ہے۔ ان کے علاوہ قریب سوا لاکھ اساتذہ ایسے بھی ہیں، جو عام اسکولوں میں نہیں بلکہ مختلف شعبوں کے ووکیشنل ٹریننگ اداروں میں پڑھاتے ہیں۔

ف ن / م م (ڈی پی اے)

مصنوعی ذہانت کہاں لے جائے گی؟