1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

باراک اوباما امریکی صدرمنتخب

عابد حسین5 نومبر 2008

امریکی عوام نے باراک اوباما کو اپنے ملک کا چوالیسواں صدر منتخب کرلیا ہے۔ امریکی میڈیا نے ڈالے گئے ووٹوں کے رجحان کو دیکھتے ہوئے اوباما کو کامیاب قرار دے دیا ہے۔ جان میک کین نے شکست تسلیم کرلی ہے۔

https://p.dw.com/p/Fnao
تصویر: AP

باراک اوباما نے صدر منتخب ہونے کے بعد شکاگو میں ہزاروں کے مجمعے سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’تبدیلی آ چکی ہے‘۔ اوباما کے عوام سے خطاب کے موقع پر خصوصی حفاظتی انتظامات کا انتظام کیا گیا تھا۔

BdT McCain bei seiner Rede in Zanesville
رپبلکن امیدوار جان میک کین نے شکست تسلیم کرتے ہوئے اوباما کی فتح کو افریقی امریکی باشندوں کے لیے تاریخی قرار دیاتصویر: AP

امریکہ کے موجودہ صدر جارج ڈبلیو بش نے باراک اوباما کو صدر منتخب ہونے پر بزریعہ ٹیلی فون مبارک باد دی۔ فرانس کے صدر نکولا سارکوزی نے بھی نو منتخب امریکی صدر کو تہنیتی پیغام بھیجا ہے۔

امریکہ کے صدارتی الیکشن میں ڈالے گئے ووٹوں کے مطابق باراک اوباما کو تین سو اڑتیس الیکٹرول ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ جان میک کین کو ایک سو پچپن الیکٹرول ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ کل پاپولر ووٹوں کا اکیاون فیصد باراک اوباما کو حاصل ہوا جب کہ جان میک کین نے پاپولو ووٹوں کا انچاس فیصد حاصل کیا۔

امریکی ریاست ایریزونا کے شہر فینکس میں ری پبلکن امیدوار جان میک کین نے انتخابات میں شکست تسلیم کرتے ہوئے ڈیمو کریٹ امیدوار اوباما کو الیکشن جیتنے پر مبارک دی ہے۔ انہوں نے اپنی مہم کے تمام شرکاء، بشمول نائب صدر کےعہدے کی امیدوارسارہ پیلن کا بھی شکریہ ادا کیا۔

کئی اہم ریاستوں میں اوباما کو فتح حاصل ہوئی ہے۔ امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے علاوہ پینسلوینیا، اوہایو اور ورجینیا جیسی اہم ریاستوں میں بھی باراک اوباما کو کامیابی حاصل ہوئی۔ جورجیا میں میک کین کامیاب رہے۔

Bildkombo Barack Obama und Joe Biden US Wahl
جو بائڈن باراک اوباما کے نائب ہوں گےتصویر: AP/DW-Montage

ورجینیا میں سینٹ کی ایک سیٹ پر ڈیموکریٹ امیدوار سابق گورنرمارک وارنرکو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ سینٹ میں یہ نشست ری پبلکن پارٹی کے پاس تھی۔

انڈیانا، ساؤتھ کیرولائنا، ورجینیا، ویرمونٹ اور کینٹکی، کلُ چھ ریاستوں میں سب سے پہلے ووٹنگ کا عمل مکمل ہوا جو تقریباً جرمن وقت کے مطابق رات ساڑھے بارہ بجے اور پاکستان کے صبح ساڑھے چار بجے تھا۔

صدر کے انتخاب کے علاوہ ان انتخابات میں امریکی عوام ایوانِ نمائندگان کے اراکین اور سینٹ کے تہائی اراکین کا انتخاب بھی کیا گیا جس میں ڈیموکریٹس کو ثبقت حاصل رہی۔

Barack Obama trauert um seine Oma
باراک اوباما اپنی نانی کے انتقال پر اشک بار، جو ان کو امریکہ کا صدر بنتے نہیں دیکھ سکیںتصویر: AP

باراک اوباما سے پہلےسابق امریکی صدر ابراہم لنکن، جو امریکہ کےسولہویں صدر تھے، وہ بھی ریاست الینوئے سے تعلق رکھتے تھے۔ اٹھارہویں صدر گرانٹ بھی الینوئے سے تعلُق رکھتے تھے۔

واضح رہے کہ امریکہ میں جس طبقاتی ناہمواری کے خاتمے کا خواب سولہویں صدر ابراہم لنکن نے دیکھا تھا اُس کی تعبیر کے حصول میں کئی نام آتے ہیں۔ اُن میں مارٹن لوتھر کنگ جونئر بھی ہیں۔ کئی ایسے نام بھی ہیں جن کی قربانی کو کوئی نہیں جانتا لیکن باراک اوباما کی کامیابی سے اُن کی قربانی کو بھی احترام حاصل ہوا ہے۔