1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بالی وڈ دنیا کو فتح کرنے کی پوزیشن میں آ گیا ہے، بوٹالا

عاطف بلوچ2 اکتوبر 2015

بھارتی فلم انڈسٹری کے کامیاب پروڈیوسر امر بوٹالا کا کہنا ہے کہ بالی وڈ میں کام کرنے والی موجودہ نسل شوبز کی دنیا کو فتح کرنے کی اہلیت رکھتی ہے۔ ان کے بقول بھارتی فلمیں روایتی ڈانس اور گانوں سے آگے نکل رہی ہیں۔

https://p.dw.com/p/1Ghe2
Bollywood Bajrangi Bhaijaan Filmplakat Straßenszene Indien Neu Delhi
تصویر: picture-alliance/AP Photo/R. Jain

سپرہٹ فلم کے ’بجرنگی بھائی جان‘ کے پروڈیوسر امر بوٹالا کے مطابق بالی وڈ میں اگرچہ اب بھی Crouching Tiger, Hidden Dragon جیسی فلم بنائے جانے کا انتظار ہے لیکن اب ایسا وقت دور نہیں ہے۔ رواں برس ہی نمائش کے لیے پیش کی جانے والی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ میں سلمان خان نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ یہ فلم دیکھتے ہی دیکھتے بھارت کی انتہائی کامیاب ترین فلموں میں شمار کی جانے لگی ہے۔ اس فلم نے باکس آفس پر بھی ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔

’کراؤچنگ ٹائیگر، ہِیڈن ڈریگن‘ نامی فلم تائی وان کے ڈائریکٹر آنگ لی نے بنائی تھی۔ 2000ء میں ریلیز ہونے والی اس فلم نے بین الاقوامی باکس آفس میں نہ صرف 128 ملین ڈالر کمائے بلکہ یہ بہترین غیر ملکی فلم کی کیٹیگری میں آسکر انعام حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہوئی۔ آنگ لی کی یہ فلم اب بھی غیر انگریزی فلموں کی فہرست میں عالمی سطح پر کامیاب ترین فلم ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے امر بوٹالا کے حوالے سے بتایا ہے کہ بھارتی فلمیں بھی بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل کرنے کی اہلیت رکھتی ہیں اور ایسا وقت دور نہیں کہ بالی وڈ دنیا میں چھا جائے گا۔ امر بوٹالا کے بقول، ’’بالی وڈ میں نوجوان فلم سازوں نے فلمیں بنانے کا روایتی ڈھنگ بدل دیا ہے۔ کہانی بیان کرنا ہو یا ڈانس اور گانوں کا استعمال کرنا ہو، اب بالی وڈ کی فلموں میں جدت نمایاں ہوتی جا رہی ہے۔‘‘ بوٹالا کے مطابق مستقبل قریب میں بالی وڈ کی فلمیں عالمی سطح پر زیادہ توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گی۔

جنوبی کوریا میں منعقد ہونے والے بوسان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول BIFF میں شرکت کے لیے گئے ہوئے بوٹالا نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ بالی وڈ کے مستقبل کے بارے میں انتہائی پرامید ہیں۔ ایشیا کے اس معتبر فلم فیسٹیول میں ’بجرنگی بھائی جان‘ بھی نمائش کے لیے پیش کی گئی۔ یہ فلم عالمی سطح پر 91 ملین ڈالر کما چکی ہے، اور یہ 2014ء میں ریلز ہونے والی فلم ’پی کے‘ سے کچھ ہی پیچھے ہے۔ ’پی کے‘ نے عالمی باکس آفس پر 114 ملین ڈالر کمائے ہیں، جو عالمی سطح پر بھارت کی ایک کامیاب ترین فلم قرار دی جاتی ہے۔

Indien Schauspieler Salman Khan
’بجرنگی بھائی جان‘ میں سلمان خان نے مرکزی کردار ادا کیا ہےتصویر: picture alliance/AP Photo/R. Kakade

جمعرات کو شروع ہونے والے BIFF کے بیسویں ایڈیشن کا افتتاح بھارتی فلم ’زبان‘ کی نمائش سے ہوا۔ ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ اس اہم فیسٹیول کا افتتاح بالی وڈ کی فلم سے کیا گیا ہو۔ اس کے علاوہ لو اسٹوری ’ماسان‘ اور تامل فلم ’او کاڈہل کامنی‘ بھی اس فلم فیسٹیول میں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہیں۔ اس فلم میلے میں مجموعی طور پر سولہ بھارتی فلمیں دکھائی جا رہی ہیں۔ دس اکتوبر تک جاری رہنے والے اس فلم فیسٹیول میں کل 304 فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی۔

بھارت میں سالانہ ایک ہزار سے زائد فلمیں بنائی جاتی ہیں۔ یوں کہا جا سکتا ہے کہ فلمسازی میں بھارت دنیا بھر میں سب سے زیادہ فعال ملک ہے۔ ماضی میں بھارت میں بنائے جانے والی فلمیں زیادہ تر صرف بھارت یا ہمسایہ ممالک میں ہی دیکھی جاتی تھیں لیکن اب بالی وڈ ترقی کرتا ہوا، عالمی سطح پر بھی اپنا راج قائم کرنا چاہتا ہے۔ امر بوٹالا کے مطابق، ’’دیگر ممالک کی طرح بھارت کے فلمسازوں کی بھی خواہش ہے کہ ان کی فلمیں دنیا بھر میں دیکھی جائیں۔ میرا خیال ہے کہ اب یہ وقت آ چکا ہے۔‘‘