1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بحرین اسرائیل کے ’جرائم‘ کا حصہ دار بن گیا ہے، ایران

12 ستمبر 2020

بحرین کی طرف سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے فیصلے کے بعد تہران نے کہا ہے کہ بحرین اب اسرائیلی ’جرائم‘ میں حصہ دار بن گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3iMsH
Kombolbild Benjamin Netanyahu und König Hamad bin Isa Al Khalifa
تصویر: Getty Images/AFP/R. Zvulun/F. Nureldine

عرب ریاست بحرین نے جعمہ 11 ستمبر کو فیصلہ کیا کہ وہ یہودی ریاست اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات معمول پر لائے گی۔ اس فیصلے کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کی طرف اسرائیل کی مشرق وسطیٰ میں تنہائی کو ختم کرنے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔ امریکی انتظامیہ کی ان سفارتی کوششوں کا ایک مقصد مشرق وُسطیٰ میں ایران کی مخالف ایسی ریاستوں کے درمیان تعاون بڑھانا ہے جو ایران کے خلاف امریکی تحفظات میں شریک ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور بحرین کے درمیان تعلقات معمول پر لانے کے معاہدے کا اعلان نائن الیون حملوں کو 19 برس مکمل ہونے کے موقع پر کیا۔ اس سے قبل انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور بحرین کے شاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ٹیليفون پر گفتگو کی۔ تینوں سربراہوں نے ایک مختصر مشترکہ بیان بھی جاری کیا جس میں اسرائیل اور بحرین کے تعلقات معمول پر لانے کے فیصلے کا بتایا گیا۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران بحرین دوسری ایسی عرب ریاست بن گئی ہے جس نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Bahrain | Besuch US-Außenminister Mike Pompeo
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے 26 اگست کو بحرین کا دورہ کیا تھا۔تصویر: Reuters/Handout Bahrain News Agency

بحرین اور اسرائیل کے تعلقات معمول پر لانے کے فیصلے کا اعلان وائٹ ہاؤس میں ہونے والی اس اہم تقریب سے ایک ہفتہ قبل سامنے آیا ہے جس میں اسرائیل اور متحدہ عرب امارات تعلقات کی مکمل بحالی کے معاہدے پر دستخط کریں گے۔ اس تقریب میں بحرین کے وزیر خارجہ بھی شریک ہوں گے اور وہ نیتن یاہو کے ساتھ ایک الگ معاہدے پر دستخط کریں گے۔

اسرائیلی اماراتی معاہدہ: ٹرمپ کے لیے نوبل امن انعام کی سفارش

اسرائیل۔ متحدہ عرب امارات معاہدے پر دستخط 15 ستمبر کو

وہ ممالک جن کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات اب تک نہیں ہیں

بحرین اور اسرائیل کے تعلقات پر ایران کا ردعمل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے بحرین اور اسرائیل کے درمیان تعلقات معمول پر لانے کے فیصلے کے اعلان کے بعد تہران نے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ بحرین اب اسرائیلی 'جرائم‘ میں حصہ دار بن گیا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے، ''بحرین کے حکمرن اب سے آگے صیہونی ریاست کے جرائم کے حصہ دار ہوں گے، جو علاقے اور عالم اسلام کی سلامتی کے لیے ایک مسلسل خطرہ ہے۔‘‘

خیال رہے کہ متحدہ امارات اور اسرائیل کے مابین تاریخی امن معاہدے کے بعد اسرائیلی انٹلیجینس کے وزیر ایلی کوہن نے کہا تھا کہ اسرائیل کے مزید خلیجی ریاستوں اور افریقہ کے مسلم ممالک کے ساتھ اضافی معاہدے ہو سکتے ہیں۔

ا ب ا / ع س (اے ایف پی، اے پی)