1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بحرین اصلاحات نہیں کرتا، تو ایران بے جا مداخلت کرے گا، امریکہ

13 مارچ 2011

امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے اپنے دورہ بحرین کے بعد صحافیوں کو بتایا ہے کہ بحرین میں فوری طور پر اصلاحات کی ضرورت ہے وگرنہ اس مخصوص صورتحال میں ایران کی طرف سے بے جا مداخلت کی جائے گی۔

https://p.dw.com/p/10YJI
امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹستصویر: AP

بحرین کے شاہ اور کراؤن پرنس سے ملاقات کے بعد امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے امید ظاہر کی ہے کہ بحرین حکومت دور رس اصلاحات کے لیے مؤثر اقدامات کرے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ عرب ممالک کے حکمران عوام کی طرف سے سیاسی اصلاحات کے مطالبات کو مسترد نہیں کر سکتے۔

بحرین کے دارالحکومت مناما سے واپس جاتے ہوئے ہوائی جہاز میں گفتگو کرتے ہوئے گیٹس نے کہا کہ اگرچہ ابھی تک ایسے آثار نظر نہیں آتے کہ شیعہ اکثریتی ملک ایران، بحرین کے مظاہروں کو ہوا دے رہا ہے تاہم انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ بحرین کی صورتحال پر قابو نہیں پایا جاتا، تو تہران حکومت شیعہ اکثریتی ملک بحرین میں اپنا اثر ورسوخ استعمال کر سکتی ہے۔

بحرین میں اگرچہ زیادہ تر آبادی شیعہ ہے تاہم وہاں 18ویں صدر سے سنی گھرانے کی بادشاہت قائم ہے۔ تیونس اور مصر کے بعد دیگر عرب ممالک کی طرح بحرین میں بھی جمہوریت کے حامی سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ چودہ فروری سے وہاں بھی مظاہرے جاری ہیں۔ وہاں کی شیعہ آبادی ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام اور شاہی نظام میں تبدیلی کی خواہاں ہے۔ اسی لیے ایسے خدشات بھی ہیں کہ ایران اس مخصوص وقت میں فرقہ ورانہ بنیادوں پر بحرین میں مداخلت کرسکتا ہے۔

Demonstranten in Bahrain Manama Militär schhießt auf Demonstranten NO FLASH
بحرین کی شیعہ آبادی ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام اور شاہی نظام میں تبدیلی کی خواہاں ہےتصویر: picture-alliance/dpa

امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے خبردار کیا ہے کہ معمولی سطح پر کی جانے والی اصلاحات سے کوئی فائدہ حاصل نہیں ہو سکتا، اس لیے بحرین سمیت دیگر عرب ممالک میں جامع اصلاحات کی ضرورت ہے،’میں نے واضح کیا ہے کہ ان حالات میں، جہاں عوام سیاسی اور اقتصادی سطح پر سخت مایوسی کا شکار ہیں، حقیقی اصلاحات ناگزیر ہیں‘۔

رابرٹ گیٹس نے کہا کہ بحرین کے موجودہ حالات میں وہاں امریکی مفادات کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بحرین کی اپوزیشن حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہو جائے گی۔ گیٹس وہ پہلے اعلیٰ امریکی اہلکار ہیں، جنہوں نے بحرین میں مظاہروں کے بعد وہاں کا دورہ کیا ہے۔

دوسری طرف گیٹس کے ساتھ ملاقات کے بعد بحرین کے کراؤن پرنس سلمان ابن حماد الخلیقہ نے صحافیوں کو بتایا کہ اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کے بعد وہ ملک میں ریفرنڈم کروانے کے حق میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مقدر کا فیصلہ عوام کو خود کرنا چاہیے، ’مجھے امید ہے کہ اپوزیشن غیر مشروط مذاکرات پر آمادہ ہو جائے گی‘۔

مناما میں شیعہ آبادی کی طرف سے حکومت مخالف مظاہروں کے بعد سعودی عرب کی شیعہ کمیونٹی میں بھی ایک تحریک دیکھی جا رہی ہے۔ اس بات کا اندیشہ ہے کہ وہاں بھی ایسے مظاہرے شروع ہو سکتے ہیں۔ اس صورتحال میں ریاض حکومت نے مظاہروں پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے سرچ آپریشنز بھی شروع کر دیے ہیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے قبل از وقت ہی نمٹ لیا جائے۔

رپورٹ : عاطف بلوچ

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں