بحری جہاز پر کیوبا کے لیے اسلحہ جائز اور قانونی ڈیل کا حصہ ہے: شمالی کوریا
18 جولائی 2013شمالی کوریا نے کیوبا کی حکومت کے بیان کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اِس کے بحری جہاز پر لدا اسلحہ کیوبا کے ساتھ طے شدہ قانونی ڈیل کا حصہ ہے۔ کیوبا نے اس مناسبت سے کہا تھا کہ بحری جہاز چونگ چون گنگ (Chong Chon Gang) پر لدی چینی میں رکھے گئے میزائلوں کے حصے سابقہ سوویت یونین دور کے متروک میزائل ہیں اور انہیں مرمت کے لیے شمالی کوریا بھیجا گیا تھا۔
پیونگ یانگ کا کہنا ہے کہ بحری جہاز پر لدا اسلحہ پرانا اور عمر رسیدہ تھا اور اسے باقاعدہ ایک معاہدے کے تحت مرمت کر کے واپس روانہ کیا گیا تھا۔ شمالی کوریا کی نیوز ایجنسی کی جانب سے جاری ہونا والا بیان وزارتِ خارجہ کا ہے۔ شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ پاناما کے حکام حراست میں لیے گئے بحری جہاز کے عملے کو رہا کرتے ہوئے بلا تاخیر جہاز کو اس کی منزل کی جانب روانہ کرے۔
دوسری جانب پاناما حکومت نے اقوام متحدہ کے انسپکٹروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بحری جہاز پر لدے اسلحے کا معائنہ کر کے حتمی فیصلہ کریں۔ اقوام متحدہ کے سفارت کاروں کے مطابق بحری جہاز پر امکاناً شمالی کوریائی اسلحے کی موجودگی حقیقت میں اِس کمیونسٹ ملک پر عائد بین الاقوامی پابندیوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ پاناما کے سلامتی کے وزیر خوزے راؤل مُولینوکا کہنا ہے کہ بحری جہاز پر موجود اسلحہ غیر قانونی ہے کیونکہ اس کو بقیہ سامان کی فہرست کے ساتھ شامل نہیں کیا گیا تھا۔ وزیر کے مطابق اگر یہ متروک ہتھیار ہیں تب بھی ان کو سامان کی فہرست میں شامل کرنا ضروری تھا۔
پاناما کے وزیر خوزے راؤل مُولینو کا مزید کہنا تھا کہ ان کی حکومت امریکا اور برطانیہ کے ماہرین کا انتظار کر رہی ہے۔ وزیر کے مطابق یہ ماہرین ان کی درخواست پر پاناما پہنچ رہے ہیں۔ پاناما حکومت نے پیر کے روز اعلان کیا تھا کہ اس نے شمالی کوریائی بحری جہاز پر غیر اعلانیہ ہتھیار قبضے میں لیے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ان ہتھیاروں میں نو میزائل اور اضافی پرزوں کے علاوہ مِگ اکیس طیاروں کے لیے پرزوں سمیت دوسرا سامان موجود ہے۔ پاناما کے صدر کی جانب سے ٹویٹ کیے گئے ہتھیاروں کی تصویر کو دیکھ کر ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سابقہ سوویت دور کے متروک راڈار کنٹرول سسٹم اور فضا میں مار کرنے والے میزائل دکھائی دیتے ہیں۔