1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانوی وزیراعظم حملے کا نشانہ بننے والی مسجد پہنچ گئیں

عابد حسین
19 جون 2017

برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے نے شمالی لندن میں ممکنہ دہشت گردی سے متاثرہ مسجد کا دورہ کیا ہے۔ اس مسجد سے نکلنے والے نمازیوں کو اتوار اور پیر کی درمیانی شب میں وین کے ذریعے حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/2exHi
England London Finsbury Park Moschee mutmaßlicher Anschlag auf Muslime
تصویر: Reuters/H. Mckay

مسجد کے دورے کے دوران وزیراعظم ٹریزا مے نے صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ اُن کی تمام ہمدردیاں متاثرہ افراد اور اُن کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ اس موقع پر فِنزبری مسجد کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین محمد کوزبار نے اس حملے کو ایک بزدلانہ کارروائی قرار دیا۔ کوزبار نے اس بات کی شکایت بھی کی کہ برطانیہ کا مرکزی میڈیا دانستہ طور پر اس حملے کو دہشت گردانہ کارروائی قرار دینے سے اجتناب کر رہا ہے۔

مذکورہ حملے کی چھان بین جاری ہے۔ حملے میں ایک شخص ہلاک اور دیگر آٹھ زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ اس حملے میں کوئی اور شخص ملوث دکھائی نہیں دیتا۔ پولیس کے مطابق حملے کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے نگرانی اور پولیس کی مدد کرنے والے ذرائع کا استعمال شروع کر دیا گیا ہے۔ ان ذرائع کے استعمال کے تناظر میں پولیس کا کہنا ہے کہ یہ انتظامات ماہِ رمضان اور عید کے حوالے سے کیے گئے ہیں۔

Großbritannien Theresa May zum Angriff auf eine Moschee in London
برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مےتصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Dunham

جس وین سے مسجد پر حملہ کیا گیا تھا، اُسے وقوعے کے مقام سے پولیس نے دوپہر کے بعد ہٹا دیا ہے۔ پولیس کی اعلیٰ خاتون افسر کریسیڈا ڈِک کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں مسلم کمیونٹی کی سلامتی کے لیے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

لندن کے میئر صادق خان نے مسجد پر حملے کے بعد قریبی آبادی کے لوگوں کی جانب سے مسلمانوں کی مدد کرنے اور حملہ آور کو پکڑنے کے عمل کو شاندار قرار دیا۔ اُنہوں نے مسجد کے امام کی بھی تعریف کی کہ اُنہوں نے حملہ آور کو پکڑنے کے بعد دوسرے مسلمانوں کے سخت ردعمل سے بچانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ اس موقع پر صادق خان نے یہ بھی کہا کہ لندن انتظامیہ نفرت انگیز جرائم کے حوالے سے ’برداشت‘ کا رویہ اپنائے ہوئے ہے۔