1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برف پگھلنے لگی، امریکی مندوب شمالی کوریا میں

24 مئی 2011

گزشتہ سترہ ماہ کے دوران پہلی مرتبہ امریکی مندوب برائے انسانی حقوق رابرٹ کنگ شمالی کوریا کا دورہ کر رہے ہیں۔ امریکی حکومت غذائی امداد کے ساتھ ساتھ ایٹمی تخفیف اسلحہ مذاکرات کا دوبارہ آغاز چاہتی ہے۔

https://p.dw.com/p/11MhE
تصویر: AP

منگل کے روز سے امریکی مندوب برائے انسانی حقوق رابرٹ کنگ پانچ رکنی وفد کی سربراہی کرتے ہوئے شمالی کوریا کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس دورے کا مقصد جنوبی کوریا کے لیے غذائی امداد کی دوبارہ بحالی بتایا جاتا ہے۔ واشنگٹن حکومت کے اس اقدام پر جنوبی کوریا اور چند امریکی سینیٹرز کی طرف سے سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔

آخری مرتبہ دسمبر 2009 ء میں امریکی خصوصی مندوب برائے شمالی کوریا اسٹیفن بوس ورتھ نے پیونگ یانگ کا دورہ کیا تھا۔ واشنگٹن حکومت کو شمالی کوریا کی غذائی امداد دوبارہ بحال کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی طرف سے دباؤ کا سامنا ہے۔ رواں برس اقوام متحدہ کی طرف سے ایک رپورٹ جاری کی گئی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ شمالی کوریا کے تقریبا چھ ملین افراد کو غذائی قلت کا سامنا ہے اور ان کی فوری طور پر مدد کی جائے۔

Jimmy Carter Nordkorea Korea Flash-Galerie
گزشتہ ماہ سابق امریکی صدر جمی کارٹر نے بھی پیونگ یانگ کا دورہ کیا تھاتصویر: picture-alliance/dpa

واشنگٹن حکومت نے زور دے کر کہا ہے کہ کنگ کے دورے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ امداد فوری طور پر بحال کر دی جائے گی۔ شمالی کوریا کے امور کے ماہر Scott Snyder کا کہنا ہے کہ پیونگ یانگ حکومت غذائی امداد کی دوبارہ بحالی کو اوباما حکومت کی طرف سے ایک مثبت اشارے کے طور پر دیکھ سکتی ہے۔ ان کی نظر میں شمالی کوریا کے ساتھ ایٹمی تخفیف اسلحہ مذاکرات کا دوبارہ آغاز بھی ممکن ہے۔

گزشتہ ماہ سابق امریکی صدر جمی کارٹر نے بھی پیونگ یانگ کا نجی دورہ کیا تھا۔ اس دورے کے دوران جمی کارٹر اور شمالی کوریا کی حکومت کے مابین غذا کی قلت پر بھی بات چیت کی گئی تھی۔ کارٹر کے دورے کا مقصد شمالی کوریا کو اس کے جوہری پروگرام کے حوالے سے مذاکرات کی میز پر لانا بتایا گیا تھا۔

شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے حوالے سے چھ ممالک پر مشتمل ایک گروپ کے مذاکرات دسمبر دو ہزار آٹھ سے تعطل کا شکار ہیں۔ شمالی کوریا نے ان مذاکرات کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔ امریکہ کی اب کوشش ہے کہ پیونگ یانگ کو مذاکرات پر دوبارہ آمادہ کیا جا سکے۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں