1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’برلینالے‘، فلمی ستاروں کی چمک دمک

عدنان اسحاق11 فروری 2016

ہالی وڈ کے مقبول ستاروں کے جھرمٹ میں آج سے برلن فلم فیسٹیول ’برلینالے‘ شروع ہو رہا ہے۔ اس فلم فیسٹیول کی جیوری میں معروف امریکی ادکارہ میریل اسٹریپ بھی شامل ہیں۔

https://p.dw.com/p/1Htey
تصویر: picture-alliance/dpa/T.Bartilla

خبر رساں اداروں کے مطابق برلینالے جیوری کی صدارت کی ذمہ داری اس مرتبہ میریل اسٹریپ کے سر ہے۔ اسٹریپ کے ساتھ ساتھ برطانوی اداکار کلو اوون بھی سات رکنی جیوری کا حصہ ہیں۔ جیوری بیس فروری کو گولڈن بیئر حاصل کرنے والی فلم کا اعلان کریں گے۔ گولڈن بیئر کی دوڑ میں دنیا بھر سے کل اٹھارہ فلمیں شامل کی گئی ہیں۔ گزشتہ برس یہ ایوارڈ ایرانی فلمساز جعفر پناہی کی تخلیق ’ ٹیکسی‘ کے حصے میں آیا تھا۔

اس مرتبہ یورپ میں مہاجرین کے بحران کے موضوع پر بھی بنائی جانے والی فلمیں بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر اطالوی ڈائریکٹر جیافرانکو روزی کی دستاویزی فلم ’ فائر ایٹ سی‘ بھی دکھائی جا رہی ہے، جس کی کہانی اطالوی جزیرے لامپے ڈوسا کے گرد گھومتی ہے۔ افریقہ سے زیادہ تر مہاجرین اسی جزیرے پر پہنچتے ہیں۔ اس فلم کو وینس فلم فیسٹیول میں کئی انعامات سے نوازا جا چکا ہے۔

Berlinale Ticketschalter Ticket Shop Verkaufsstelle
فلموں کے ہزاروں ٹکٹوں کی فروخت سے ہونے والی آمدنی مہاجرین کے لیے وقف ہےتصویر: picture-alliance/AP Photo/M.Sohn

اس تناظر میں اس میلے کے ڈائریکٹر ڈیٹر کوسلک نے کہا، ’’مہاجرین 1951ء میں برلینالے کے قیام کے بعد سے ایک اہم موضوع رہا ہے۔ یہ سرد جنگ کا دور تھا اور دوسری عالمی جنگ کو ختم ہوئے ابھی صرف چھ برس گزرے تھے۔‘‘ برلینالے کے دوران مختلف فلموں کے ہزاروں ٹکٹوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی بھی مہاجرین کے لیے وقف کی گئی ہے۔ گیارہ روزہ اس میلے میں چار سو سے زائد فلمیں شہر کے مختلف سنیما گھروں میں دکھائی جائیں گی۔

جارج کلونی اور کوئن برادرز میں برلینالے میں موجود ہوں گے۔ 66 ویں برلینالے کا افتتاح فلمساز بھائیوں جوئل اور ایتھن کوئن کی فلم ’ ہیل سیزر‘ سے ہو رہا ہے۔ اس فلم میں جارج کلونی نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ امید ہے کہ کلونی اپنی اہلیہ امل اور فلم کے دیگر اداکار چیننگ ٹاٹم اور ٹلڈا سونٹن کے ساتھ ریڈ کارپٹ پر موجود ہوں گے۔2011ء مں بھی کوئن برادرز کی’ ٹرو گرٹ‘ برلینالے کا افتتاحی فلم تھی۔

برلینالے کے دوران فلم ’آلون ان برلن‘ کی بھی نمائش کی جا رہی ہے۔ یہ فلم ہانس فلاڈا کے ناول پر مبنی ہے۔ اس میں نازی دور کی ایک سچی کہانی بیان کی گئی ہے۔ اس گیارہ روزہ میلے کا شمار فرانس کے کن اور اٹلی کے وینس فلم فیسٹیول کے ساتھ یورپ کے تین بڑے فلمی میلوں میں ہوتا ہے۔