1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بلبل طوفان کے سبب تین ہلاک اور لاکھوں افراد بے گھر

10 نومبر 2019

بحیرہ عرب میں اٹھنے والے سمندری طوفان ’بلبل‘ نے بھارت اور بنگلہ دیش کے ساحلی علاقوں میں تباہی مچا دی۔ طوفان کے سبب کم از کم تین افراد ہلاک جبکہ ہزاروں گھر تباہ ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/3Sma8
Bangladesch Zyklon Bulbul
تصویر: AFP/D. Sarkar

بحیرہ عرب میں اٹھنے والا سمندری طوفان 'بلبل‘ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب بھارت کے مشرقی اور بنگلہ دیش کے جنوبی ساحلوں سے ٹکرایا اور بڑے پیمانے پر تباہی کا سبب بنا۔ حکام کے مطابق طاقتور سمندری طوفان کے باعث کم از کم تین افراد ہلاک جب کہ ہزاروں گھر متاثر ہوئے۔

حکام نے مزید بتایا ہے کہ ہفتے کی شب یہ سمندری طوفان جب سندر بن کے ساحل سے ٹکرایا تو شدید بارشوں کے علاوہ اس کے ساتھ 120 کلو میٹر فی گھنٹہ تک کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہوائیں بھی تھیں۔ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان یہ علاقہ مینگروو کے جنگلات سے بھرا ہوا ہے۔

Bangladesch Vorbereitungen Zyklon Bulbul
طوفان سے قبل بنگلہ دیش میں تین لاکھ جبکہ بھارت میں ایک لاکھ پچیس ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔تصویر: Getty Images/AFP

بھارتی ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کلکتہ میں ایک شخص اس وقت مارا گیا جب طوفانی ہواؤں کے سبب ایک درخت اس پر گر گیا۔ ہمسایہ ریاست اڑیسہ میں ایک اور شخص دیوار گرنے کے سبب ہلاک ہو گیا۔ بنگلہ دیش میں بھی ایک شخص گھر پر درخت گرنے کے سبب مارا گیا۔

طوفان سے قبل بنگلہ دیش میں تین لاکھ جبکہ بھارت میں ایک لاکھ پچیس ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

متاثرہ علاقے کے سب سے بڑے اور مرکزی کلکتہ ایئرپورٹ پر احتیاطاﹰ تمام پروازیں معطل کر دی گئیں۔ ماہرین کے مطابق اب یہ طوفان شمال مشرق کی طرف بڑھ گیا ہے اور آج اتوار کی سہ پہر تک اس کی شدت میں کمی واقع ہو جائے گی۔

ڈی ڈبلیو کے ایڈیٹرز ہر صبح اپنی تازہ ترین خبریں اور چنیدہ رپورٹس اپنے پڑھنے والوں کو بھیجتے ہیں۔ آپ بھی یہاں کلک کر کے یہ نیوز لیٹر موصول کر سکتے ہیں۔

ا ب ا / ع آ (ڈی پی اے)