1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: مائنز نے بائرن میونخ کو بھی شکست دے دی

26 ستمبر 2010

جرمن قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے چھٹے میچ ڈے میں ہفتے کے روز کھیلے جانے والے ایک میچ میں مائنز کی کم تجربہ کار سمجھی جانے والی ٹیم نے لیگ کی دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ کی ٹیم کو دو کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی۔

https://p.dw.com/p/PMnz
تصویر: AP

بائرن میونخ کو شکست سے دوچار کرنے والی مائنز کی ٹیم موجودہ سیزن میں اب تک کھیلے گئے اپنے تمام میچ جیت چکی ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر سب سے اوپر ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ہفتے کے روز ہونے والے مقابلے میں کھیل کے پہلے ہاف کے اختتام تک میچ ایک ایک گول سے برابر تھا، تاہم میچ کے دوسرے ہاف میں مائنز نے بائرن میونخ کے خلاف برتری حاصل کر لی، جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہی۔

Fußball Bundesliga 6. Spieltag Schalke 04 - VfL Borussia Mönchengladbach Flash-Galerie
شالکے اور میونشن گلاڈباخ کی ٹیموں کے درمیان میچ کا منظرتصویر: dapd

کھیل کے آغاز کے 15 ویں منٹ میں Sami Allagui نے مائنز کو برتری دلوائی، جسے بائرن میونخ کی ٹیم نے پہلے ہاف کے اختتام سے صرف ایک منٹ قبل برابر کیا۔ بائرن میونخ کا یہ گول مائنز کے دفاعی کھلاڑی بو زیونزن کی غلطی سے ہوا، جس نے ڈی میں بیک پاس کیا، جسے کرسٹیان ویٹکو روک نہ پائے اور وہ مائنز کے اپنے ہی گول میں پہنچ گیا۔ میچ کے دوسرے ہاف کے13 ویں منٹ میں Adam Szalai نے گول کر کے مائنز کو ایک مرتبہ پھر برتری دلوا دی۔

میچ کے بعد اپنے انٹرویو میں مائنز کے کوچ ٹوماس ٹوشیل نے اس جیت کو ناقابل یقین قرار دیا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس میچ سے قبل اپنے پانچوں مقابلے جیتنے والی مائنز کی ٹیم کے کھلاڑیوں کے حوصلے بہت بلند تھے اور وہ جیت کے لئے ہی میدان میں اترے تھے۔

ہفتے کے روز ہونے والے دیگر مقابلوں میں شالکے اور میونشن گلاڈباخ کا مقابلہ دو دو گول سے برابر رہا۔ شٹٹ گارٹ کے خلاف لیورکوزن نے چار ایک سے کامیابی حاصل کی۔ فرینکفرٹ نے نیورنبرگ کو دو صفر سے ہرایا۔ سینٹ پاؤلی کے خلاف ڈورٹمنڈ نے ایک تین سے فتح حاصل کی جبکہ ویردر بریمن کی ٹیم ہیمبرگ کو تین دو سے شکست دینے میں کامیاب رہی۔

Fußball Bundesliga 6. Spieltag FC Bayern München - 1. FSV Mainz 05
کھیل کے آغاز کے 15 ویں منٹ میں Sami Allagui نے مائنز کو برتری دلوائیتصویر: AP

آج اتوار کے روز وولفس برگ کی ٹیم فرائی برگ کے مد مقابل ہو گی جبکہ کائزرز لاؤٹرن کا مقابلہ ہینوور کی ٹیم سے ہو گا۔

اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر مائنز کی ٹیم 18 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ دوسرے نمبر پر 15 پوائنٹس کے ساتھ ڈورٹمنڈ کی ٹیم ہے۔ ہوفن ہائم اور لیورکوزن کی ٹیموں کے گیارہ گیارہ پوائنٹس ہیں تاہم گول اوسط کے اعتبار سے یہ دونوں ٹیمیں بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں