بنڈس لیگا کا چھٹا میچ ڈے مکمل
27 ستمبر 2010اتوار کو بنڈس لیگا یا وفاقی جرمن فٹ بال لیگ کے چھٹے میچ ڈے کے سلسلے میں وی ایف ایل وولفس برگ کلب نے ایس سی فرائی برگ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے جبکہ ہینوور 96 کلب نے کائزرز لاؤٹرن کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی۔
اتوار کے روز پہلا میچ وولفس برگ اور فرائی برگ کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا۔ اپنے ہوم گراؤنڈ کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے وولفس برگ کے کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کیا اور اپنے شائقین کی بھرپور داد سمیٹی۔ اس میچ میں وولفس برگ کی نمائندگی کرنے والے برازیلین کھلاڑی رافیچ نے دو گول کئے اور اپنی ٹیم کو پوائنٹس ٹیبل پر چھٹے نمبر پر لے آئے۔
میچ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رافیچ نے کہا کہ وہ خوش ہیں کہ انہوں نے اپنی ٹیم کو تین قیمتی پوائنٹس دلوائے ہیں۔ ’’ہم اچھے کھیل کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور عمدہ طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ اس مرتبہ ہماری ٹیم ایک مضبوط یونٹ کی صورت میں کھیل رہی ہے۔‘‘
اتوار کے دن دوسرا میچ ہینوور اور کائزرز لاؤٹرن کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا، جس میں ناروے سے تعلق رکھنے والے محمد عبدل اوے نے میچ کا واحد گول 33 ویں منٹ میں کیا اور اپنی ٹیم ہینوور کو بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پرتیسرے نمبر پر پہنچا دیا۔
ہینوور نے بنڈس لیگا کے رواں سیزن میں اب تک چھ میچ کھیلے ہیں، جن میں سے اس نے چار میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ ایک میں اسے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا اور اس کا ایک میچ برابر رہا تھا۔ اس وقت ہینوور کی ٹیم کے 13 پوائنٹس ہیں۔ بنڈس لیگا کی تاریخ میں ہینوور کا یہ بہترین آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔
چھٹے میچ ڈے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر آنے والی ٹیم ایف سی وی مائنز 05 کی ہے۔ اس نے ابھی تک اپنے چھ کے چھ میچوں میں کامیابی حاصل کر رکھی ہے اور اس کے پوائنٹس 18 ہیں۔ دوسرے نمبر کی ٹیم بوروسیا ڈورٹمنڈ کی ہے، جس نے اپنے چھ میچوں میں سے پانچ میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ ایک میں اسے ناکامی ہوئی اور اس کے پوائنٹس کی تعداد 15 ہے۔ تیسری پوزیشن پر ہینوور کی ٹیم 13 پوائٹس کے ساتھ براجمان ہے۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: مقبول ملک