1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنگلہ دیش میں ایک بُدھ راہب کا قتل

کشور مصطفیٰ14 مئی 2016

بنگلہ دیش میں ایک معمر بُدھ راہب کو زدو کوب کر کے ہلاک کر دیا گیا ہے اور اس کی خون میں لت پت لاش ہفتے کی صبح بدھوں کے ایک ٹیمپل سے برآمد ہوئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1Inle
تصویر: Reuters

بنگلہ دیش میں ایک معمر بُدھ راہب کو زدو کوب کر کے ہلاک کر دیا گیا ہے اور اس کی خون میں لت پت لاش ہفتے کی صبح بدھوں کے ایک ٹیمپل سے برآمد ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق مسلم اکثریتی آبادی والے اس ملک بنگلہ دیش میں مذہبی اقلیتوں اور سیکولر کارکنوں کے قتل کے سلسلے کی یہ تازہ ترین کڑی ہے۔

Bangladesch Dhaka Anschlag Tempel
ماضی میں بھی بنگلہ دیش میں مندروں پر انتہا پسندوں کے حملے ہوتے رہے ہیںتصویر: Reuters

کسی بھی گروپ نے اب تک اس قتل کے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم بنگلہ دیش کے دور دراز جنوب مشرقی بندر بن ضلع میں ہونے والے قتل کے اس واقعے کی مشابہت قتل کے حالیہ متعدد واقعات سے نظر آتی ہے، جس کے پیچھے مسلم عسکریت پسندوں کا ہاتھ رہ چُکا ہے۔

خبر رساں اے ایف پی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ضلع بندربن کے ڈپٹی پولیس چیف جسیم الدین کا کہنا تھا، ’’ہفتے کی صبح ایک مندر میں خون کے تالاب میں بُدھ راہب ماؤنگ شُو یُوچک کی لاش گاؤں کے رہنے والوں کو ملی۔ اس راہب کو زد و کوب کرکے ہلاک کیا گیا ہے۔‘‘

جسیم الدین کا مزید کہنا تھا کہ دارالحکومت ڈھاکا سے کوئی 350 کلو میٹر کے فاصلے پر چٹاگانگ ڈویژن کے علاقے بائیشری میں قائم بُدھ مندر سے ہفتے کی صبح برآمد ہونے والی لاش غالباً 75 سالہ بُدھ راہب کی ہے اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اس پر چار حملہ آوروں نے وار کیا تھا۔

جسیم الدین کے بقول، ’’ہمیں مندر کے اندر انسانی قدموں کے نشان ملے ہیں اور چار پانچ افراد مندر میں داخل ہوئے تھے۔‘‘

Dhaka Urteil gegen Mitglieder der Gruppe Harkat-ul Jihad Islami
بنگلہ دیش میں عسکریت پسندی زور پکڑتی جا رہی ہےتصویر: Reuters

حالیہ سالوں کے دوران بنگلہ دیش میں درجنوں صوفیوں، شیعہ مسلمانوں، احمدیوں، ہندوؤں اور مسحیوں کے قتل میں مبینہ مسلم عسکریت پسندوں کے ملوث ہونے کا بتایا گیا ہے، جن کی طرف سے ان واقعات کی ذمہ داری بھی قبول کی جاتی رہی ہے۔

بنگلہ دیش میں فعال دہشت گرد گروپ ’اسلامک اسٹیٹ‘ اور القاعدہ کی ایک بنگلہ دیشی شاخ نے کہا ہے کہ کچھ عرصے سے ہونے والے دہشت گردانہ واقعات اور متعدد قتل میں وہ ملوث رہے ہیں جبکہ ڈھاکا کی سیکولر حکومت اس امر کی تردید کرتی رہی ہے کہ بنگلہ دیش میں ہونے والے ان پُر تشدد حملوں میں القاعدہ اور داعش کا ہاتھ ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں القاعدہ اور داعش موجود نہیں ہیں بلکہ اس مسلم اکثریتی معاشرے میں اندرون خانہ عسکریت پسند بننے والے عناصر قتل و غارت گری کا بازار گرم کیے ہوئے ہیں۔

160 ملین کی آبادی پر مشتمل مسلم اکثریتی ملک بنگلہ دیش میں بُدھ مدت کے ماننے والے باشندوں کا تناسب صرف محض ایک فیصد بنتا ہے۔