1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہبنگلہ دیش

بنگلہ دیش میں سیلاب: آٹھ ہلاک، 20 لاکھ سے زائد متاثر

6 جولائی 2024

بنگلہ دیش میں رواں ہفتے آنے والے سیلاب کے سبب ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر آٹھ ہو گئی ہے۔ حکام کے مطابق شدید بارشوں کے بعد دریاؤں میں آنے والے سیلاب سے متاثر ہونے والوں کی تعداد دو ملین سے زائد ہے۔

https://p.dw.com/p/4hy1U
بنگلہ دیش کا سیلاب میں ڈوبا ایک گاؤں
تصویر: Munir Uz Zaman/AFP

17 کروڑ کی آبادی والے اس جنوب ایشیائی ملک میں سینکڑوں دریاؤں کا ایک جال موجود ہے اور حالیہ دہائیوں میں وہاں آنے والے سیلاب کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

ماحولیاتی تبدیلیوں کے سبب بارشوں کی شدت میں اضافہ ہوا ہے اور ساتھ ہی ہمالیہ کے پہاڑی سلسلے میں موجود گلیشیئرز کے پگھلنے کی رفتار میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

بنگلہ دیش: سمندری طوفان سترنگ کی تباہ کاریاں، نو افراد ہلاک

بنگلہ دیش میں سیلابوں سے 25 افراد ہلاک، چالیس لاکھ متاثر

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ملک کے ایک شمالی شہر شاہجدور کے پولیس سربراہ سبوج رانا کے حوالے سے بتایا ہے کہ دو نوجوانوں کی موت دریا میں کشتی کے ڈوب جانے کے سبب ہوئی۔

کوریگرام کے پولیس سربراہ بشوا دیب رائے کے مطابق تین دیگر افراد کرنٹ لگنے کے دو واقعات میں ہلاک ہوئے۔ ان واقعات میں متاثرین کی کشتیاں سیلابی پانی میں گرنے والی بجلی کی تاروں سے الجھ گئی تھیں۔

بنگلہ دیش کا سیلابی پانی میں ڈوبا ایک گاؤں
بنگلہ دیش کی ہنگامی حالات سے نمٹنے والی وزارت کے سیکرٹری قمر الحسن کے مطابق، ''دو ملین سے زائد افراد  سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ ملک کے کُل 64 میں سے 17 اضلاع اس سیلاب سے متاثر ہیں۔‘‘تصویر: Munir Uz Zaman/AFP

بنگلہ دیشی حکام نے قبل ازیں رواں ہفتے کے دوران بتایا تھا کہ تین دیگر افراد سیلاب سے متعلق واقعات میں ہلاک ہو گئے تھے۔

حکومت کے مطابق اس نے سیلابی پانی کے سبب بے گھر ہونے والے شہریوں کے لیے سینکڑوں پناہ گاہیں کھول دی ہیں جبکہ ملک کے شمالی حصے میں سیلاب سے شدید متاثر ہونے والے علاقوں میں خوراک اور دیگر امدادی سامان روانہ کر دیا گیا ہے۔

بنگلہ دیش کی ہنگامی حالات سے نمٹنے والی وزارت کے سیکرٹری قمر الحسن کے مطابق، ''دو ملین سے زائد افراد  سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ ملک کے کُل 64 میں سے 17 اضلاع اس سیلاب سے متاثر ہیں۔‘‘

قمر الحسن نے خدشہ ظاہر کیا کہ ملک کے شمالی حصے میں صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے کیونکہ براہماپترا نامی دریا میں کئی مقامات پر پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چُکی ہے۔ 

ا ب ا/ک م (اے ایف پی)