بوسہ محبت کا اظہار ہے، ہمارا مشورہ ذہن میں رکھیے
بہت سی ثقاتوں میں بوسہ محبت کا اظہار ہے۔ ایک ساتھ سفر کرنا قربت میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔ ہم آپ کے لیے کچھ رومانوی جگہیں تلاش کر لائے ہیں۔
شبِ وینس کا عشق
پانیوں کے شہر وینس سے کئی عشقیہ کہانیاں جڑی ہیں۔ ژوہان سٹراؤس کا مختصر اوپرا ’آ نائٹ اِن وینس‘ ایسا ہی ایک اظہاریہ ہے۔ لوک کہانیاں یہ ہیں کہ اگر محبت کرنے والے کشتی میں بیٹھے ہوئے سیس کے پل کے نیچے ٹھیک اس وقت بوسہ لیں، جب سینٹ مارکس کی گھنٹیاں بجیں ، تو ان کی محبت امر ہو جاتی ہے۔
چلیے روم میں سکہ اچھالیں
لوک کہانیاں یہ بھی ہیں کہ اگر آپ شہرِ ازل و ابد کے مشہور فوارے کے پانیوں میں سکے گرا دیں، تو آپ کی شادی آپ کے محبوب سے ہو جاتی ہے۔ اس فوارے کو تو کئی فلم ساز فلما بھی چکے ہیں۔
فرینکفرٹ میں محبت امر کر دیجیے
یورپی مالیاتی مرکز کے شہر فرینکفرٹ کے بیچ بلند و بالا عمارات سے پرے دریائے مائن پر بنا ’آئزیرنے شٹِیگ‘ راہ گیروں کا پل ہے، جس کے دونوں جانب لگے جنگلے پر محبت کرنے والے قفل لگاتے ہیں۔ اس کارِ رومانوی کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ تالا جب تک مقفل رہے گا، محبت بھی جدا نہیں ہو گی۔
دریائے سین پر ہاتھ تھامو کہ ساتھ ساتھ چلیں
پیرس میں دریائے سین پر کئی پل ہیں، جیسے محبت کو اس شہر سے فرار نہ ہو۔ یہ شہر ہر طرح کے فنی اور سیاسی تغیرات دیکھ چکا، مگر محبت کو آج بھی متاثر کرتا ہے۔ یہ دنیا میں ان چند مقامات میں سے ایک ہے، جہاں محبت کا جذباتی اظہار بھی خیرمقدمی نگاہوں سے دیکھا جاتا ہے۔
ریکژاوِکے گرم پانیوں کا غوطہ
آئس لینڈ کے دارالحکومت سے ذرا باہر بلو لاگون نامی جھیل گرم پانیوں کا گھر ہے۔ ارضیاتی حدت سے دمکتے اس پانی کا درجہ حرارت 240 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جو سطحِ زمین سے بہت نیچے سے ابل رہا ہے۔ پھر راہ چلتے یہ پانی ٹھنڈا ہوتا ہے اور بلو لاگون تک پہنچ کر خوش گوار ہو چکا ہوتا ہے۔ اس کے چاروں اور فطرت کے دلکش مناظر ہیں۔ معدنیات سے بھرپور اس پانی میں اترنے والے محبت کا ایک نیا رنگ اور رخ محسوس کرتے ہیں۔
لزبن شہر میں بھٹک جائیے
پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں ماضی دکھتا ہے۔ سو سال سے یہاں شہر کا نچلا حصہ بائیکسا اور اوپری اضلاع چایادا اور بایرو آلٹو پرانی ٹرینز سے جڑے ہیں۔ یہ رنگ برنگی ٹرینز کئی نشیب و فراز کاٹتی ہیں، جیسے محبت پگڈنڈیوں پر چلنے نکل پڑی ہو۔
ایلپس میں جذبے زندہ کر آئیں
دو ہزار میٹر کی بلندی پر، ہاتھوں میں ہاتھ تھامے کیوں نہ دوڑ پڑیں۔ ایک ہزار میٹر بلند اس پل سے الپائن کا پورا افقی منظر دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ طے ہے کہ یہاں آپ کا دل ضرور زور زور سے دھڑکنے لگے گا۔ پھر یہاں کیبل کار میں بیٹھیے، تو مناظر وہ ہیں گے کہ جیسے دھڑکن ٹھہر جائے۔
محبت کی اور ویانا نہ گئے؟
آسٹریا کا دارالحکومت رومانویت کی نرگسیت بڑھا دیتا ہے۔ یہاں اپنے محبوب کے ساتھ ذرا بگی میں بیٹھیے اور شؤن برُن محل یا پراٹر تفریقی پارک نکل پڑیے، پھر ایسے میں شب کا کھانا ساتھ کھائیے اور دیکھیے اس شہر کا جادو۔