بچے کو قتل کرنے والا افغان تارک وطن پولیس کی گولی سے ہلاک
4 جون 2017جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز جرمنی کے جنوب میں واقع شہر آرنشوانگ میں قائم پناہ گزینوں کے ایک مرکز میں پیش آیا۔ مقامی پولیس کے مطابق خنجر سے لیس ایک اکتالیس سالہ افغان تارک وطن نے روس سے تعلق رکھنے والی سینتالیس سالہ خاتون اور اس کے دو بچوں پر حملہ کر دیا۔
کولون: مہاجرین کی عارضی رہائش گاہیں خالی کرا لی گئیں
افغان شہری کے حملے سے روسی خاتون بھی زخمی ہوئی، اس کے پانچ سالہ بیٹے کو جان لیوا زخم آئے جب کہ اس کا بڑا بیٹا محفوظ رہا۔ حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس بھی فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کر کے خنجر سے لیس افغان تارک وطن کو ہلاک کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں زخمی ہونے والا پانچ سالہ بچہ موقع پر ہی دم توڑ گیا جب کہ زخمی ہونے والی خاتون کو ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ تاہم اس روسی خاتون کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
اتوار چار جون کے روز مقامی پولیس کے ترجمان نے ڈی پی اے کو بتایا کہ پولیس افغان پناہ گزین کی جانب سے کیے گئے اس حملے کے محرکات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہی ہے تاہم ابھی تک اس بارے میں کوئی واضح معلومات نہیں ہیں۔
ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اپنی نظروں کے سامنے چھوٹے بھائی کا قتل اور ماں کو زخمی ہوتے دیکھنے والا بچہ بھی اس واقعے کے بعد شدید صدمے کی کیفیت میں ہے اور اس کا علاج بھی کیا جا رہا ہے۔