1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی فضائیہ کا نصف کے قریب ساز و سامان فرسودہ

5 اکتوبر 2010

بھارتی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل پی وی نائک کے مطابق بھارتی فضائی افواج کے زیر استعمال ہتھیار اور ساز و سامان میں سے نصف کے قریب فرسودہ ہو چکے ہیں اور انہں جلد بدلنے کی ضرورت ہے۔

https://p.dw.com/p/PW0Z
بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھتصویر: AP

ایئر چیف مارشل نائک نے نئی دہلی میں ملکی اور غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی حکومت نے فضائی دفاع کے شعبے میں جس نئی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے، اس کے تحت مالی سال 2014 اور 2015 تک لڑاکا طیاروں، ریڈار تنصیبات، مال بردار ہوائی جہازوں اور جنگی ہتھیاروں میں سے نصف کے قریب کو پوری طرح اپ گریڈ کر دیا جائے گا۔

چند رپورٹوں کے مطابق بھارتی حکومت اس وقت امریکہ کے ساتھ3.5 بلین ڈالر مالیت کا ہوائی جہازوں کی خرید کا ایک ایسا دفاعی معاہدہ طے کرنے کی کوششیں بھی کر رہی ہے، جس پر دستخط نومبر میں امریکی صدر باراک اوباما کے دورہء بھارت کے دوران کئے جا سکتے ہیں۔

پی وی نائک نے کہا کہ ممکنہ طور پر سال رواں کے اختتام تک بھارت کا روس کے ساتھ بھی 25 بلین امریکی ڈالر مالیت کا ایک دفاعی معاہدہ طے پا جائے گا۔ اس معاہدےکے تحت نئی دہلی ماسکو سے انتہائی جدید طرز کے جنگی طیارے خریدے گا۔ ان طیاروں کو جنگی ہوائی جہازوں کی Fifth Generation کے شاہکار ہتھیار قرار دیا جاتا ہے۔

بھارتی ایئر چیف مارشل کے مطابق دس سال پہلے نئی دہلی کے پاس اس مد میں بہت زیادہ مالی وسائل نہیں تھے۔ اس وجہ سے فضائیہ اور اس کی جنگی صلاحیت کو جدید تر بنانے میں کچھ تاخیر ہوئی۔ تاہم اب بھارتی حکمت عملی اور منصوبہ بندی کے ٹھوس نتائج دو ہزار چودہ، پندرہ تک سامنے آ جائیں گے۔

Bildgalerie ILA in Berlin 2006 ILA 2006 - Schnellinspektion
سی سترہ طرز کے گلوب ماسٹر ایئرکرافٹ کے انجنتصویر: AP

پی وی نائک نے یہ اعتراف بھی کیا کہ بھارتی فضائیہ اپنے حجم میں نئی دہلی کے بڑے حریف چین کی فضائیہ کا محض ایک تہائی بنتی ہے۔ انہوں نے کہا: ’’موجودہ دور میں بھارت کو کئی طرح کے سکیورٹی مسائل کا سامنا کرنے کے لئے جو کچھ درکار ہے، اس میں سے بہت کچھ ابھی تک اس کے پاس نہیں ہے۔‘‘

رواں سال فروری میں نئی دہلی نے 32 بلین ڈالر کے برابر سالانہ دفاعی بجٹ کا اعلان کیا تھا۔ یہ مالیت سال 2009 کے مقابلے میں چار فیصد زیادہ تھی۔ لیکن 2008 کے مقابلے میں یہ رقوم اس لئے بہت زیادہ تھیں کہ 2009 میں نئی دہلی نے اپنے دفاعی بجٹ میں اس سے ایک سال پہلے کے مقابلے میں یکدم ایک چوتھائی کا اضافہ کر دیا تھا۔

بھارتی فضائیہ اسرائیل کے ساتھ مل کر زمین سے فضا میں درمیانے فاصلے تک مار کر سکنے والے میزائل سسٹم تیار کرنے پر بھی کام کر رہی ہے۔ ساتھ ہی نئی دہلی نے اسرائیل سے اسپائڈر طرز کے 18 ایسے میزائل سسٹم حاصل کرنے کے لئے بھی ایک سمجوتہ کر رکھا ہے، جو تیز رفتار دفاعی نظاموں کے زمرے میں آتے ہیں۔

بھارتی اخبار اکنامک ٹائمز کے مطابق نومبر میں امریکہ کے بھارت کے ساتھ جس ممکنہ دفاعی معاہدے پر دستخط ہو سکتے ہیں، اس کے تحت ملکی فضائیہ کو C-17 طرز کے دس ’گلوب ماسٹر ایئرکرفٹ‘ مہیا کئے جائیں گے۔ یہ امریکی طیارے روسی ساخت کے اُن الیوشین IL-76 طیاروں کی جگہ لیں گے، جو اب بہت پرانے ہو چکے ہیں۔

رپورٹ: سمن جعفری

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں