بھارتی قیدی کی ڈیڑھ ارب ڈالر زر ضمانت جمع کرنے کی کوشش
10 اگست 2014تہاڑ جيل ميں سبراتا رائے کو دستياب جگہ کا کسی دلکش اور انتہائی مہنگے ہوٹل کے کمرے سے تو موازنہ نہيں کيا جا سکتا ليکن بھارت کی اس سب سے بڑی جيل سے چند منٹ کے فاصلے پر واقع چھ سو مربع فٹ کا ايک کمرہ ان دنوں ان کے کافی کام آ رہا ہے۔ انٹرنيٹ اور ديگر سہوليات سے ليس اس کمرے ميں سبراتا رائے نہ صرف خريداروں سے رابطے اور ويڈيو کانفرنس کر سکتے ہيں بلکہ وہ وہاں اپنے ہوٹلوں کو خريدنے ميں دلچسپی ظاہر کرنے والے افراد سے مل بھی سکتے ہيں۔ برابر ہی ميں ايک اور کمرہ بھی ہے، جس ميں تين بستر لگے ہوئے ہيں، جہاں سبراتا رائے اور ان کے ساتھ کام کرنے والے دو ديگر زير حراست افراد اپنا وقت گزارتے ہيں۔
صحارا گروپ کے چيئرمين چھياسٹھ سالہ سبراتا رائے ان دنوں وقت سے جنگ لڑ رہے ہيں۔ رہائی پانے کے ليے انہيں قريب 1.6 بلين ڈالر يا ايک سو بلين بھارتی روپے اور متعدد بينک ضمانتیں بھی ايک مخصوص مدت کے اندر اندر جمع کرانی ہيں۔ بھارتی عدالت عظمیٰ کی طرف سے دی گئی اس مدت کے خاتمے ميں اب کچھ ہی روز بچے ہيں۔ تاريخ ميں ضمانت کے ليے اتنی خطیر رقم مقرر کرنے کی مثال اس سے قبل 2004ء ميں امريکی رياست ٹيکساس کے ايک جج نے قائم کی تھی، جس نے ايک انتہائی مالدار بزنس مین کی ضمانت کے ليے تين بلين ڈالر کی رقم مقرر کی تھی۔ ایک اپيل کے بعد یہ رقم کم کر کے ساڑھے چار لاکھ ڈالر کر دی گئی تھی۔
سرمايہ کاروں کو ناقص بانڈز بيچنے کے بعد انہيں کئی بلين ڈالر واپس نہ کرنے کے سبب بھارت ميں مالياتی اداروں کے نگران ملکی ادارے کی طرف سے سبراتا رائے کے خلاف مقدمہ چلايا جا رہا تھا۔ اسی مقدمے کے دوران توہين عدالت کے الزامات کی وضاحت کے ليے ہونے والی سماعت سے غير حاضر رہنے کے نتيجے ميں رواں برس اپريل ميں رائے کو حراست ميں لے ليا گيا تھا۔ ان کے خلاف تاحال کوئی فرد جرم تک عائد نہيں کی گئی اور وہ خود کو بے قصور قرار ديتے ہيں۔
زر ضمانت کے حصول کے ليے ان دنوں رائے نيو يارک کے مشہور سينٹرل پارک کے سامنے قائم ايک صدی سے بھی زيادہ پرانے نيو يارک پلازہ ہوٹل کے علاوہ، نيو يارک ہی کے ايک اور علاقے مين ہيٹن ميں قائم ڈريم ہوٹل اور برطانوی دارالحکومت لندن کے معروف ہائیڈ پارک کے سامنے قائم گروس وينور ہاؤس ہوٹل کو بيچنے کی کوششوں ميں مصروف ہيں۔
بھارتی سپريم کورٹ نے سبراتا رائے کو ضمانت کی رقم جمع کرانے کے ليے دس دن کی مہلت دی ہے اور یہ مہلت پانچ اگست سے شروع ہو چکی ہے۔