بھارتی گندم کے ٹرک براستہ پاکستان افغانستان روانہ
23 فروری 2022اقوام متحدہ کے مطابق مغربی ممالک نے گزشتہ سال طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد اس ملک کے لیے امداد میں تیزی سے کمی کر دی تھی۔ امداد کی کمی کے باعث افغانستان کو تباہ کن انسانی بحران کا سامنا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق افغانستان کی اٹھائیس ملین آبادی کی اکثریت کو امداد کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ کی انسانی امداد کی اپیل کے جواب میں بھارت نے افغانستان میں پانچ ہزار ٹن گندم بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔
منگل کو گندم کے ٹرک پاکستانی سرحد کے قریب امرتسر سے افغانستان کی طرف روانہ ہوئے۔ بھارت کے روایتی حریف پاکستان کا کہنا ہے کہ اس نے بھارت کے ٹرکوں کو پاکستان کا راستہ استعمال کرنے کی غیر معمولی اجازت دی ہے۔
اسلام آباد نے بھارت کے ساتھ تجارت سن 2019ء سے بند کر رکھی ہے۔ اس وقت بھارت نے اپنے زیر کنٹرول کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کو ختم کر دیا تھا۔ بھارت اور پاکستان دونوں دعویٰ کرتے ہیں کہ کشمیر ان کا حصہ ہے۔
بھارت جو کہ افغانستان کی سابقہ مغرب نواز حکومت کے قریب تھا، نے کووڈ انیس کی پانچ لاکھ خوراکیں، تیرہ ٹن ادویات اور سردی کے کپڑے بھی افغانستان کو فراہم کیے ہیں۔
ب ج، ا ا (اے ایف پی)