بھارت: ماوٴ نواز باغیوں کے خلاف آپریشن کا اعلان
13 اکتوبر 2009ماوٴ نواز باغی بھارت کی تیرہ ریاستوں کے تقریباً دو سو اضلاع میں سرگرم عمل ہیں۔
مرکزی حکومت کی طرف سے ماوٴ نواز باغیوں کے خلاف ممکنہ آپریشن کی اہمیت کے حوالے سے بھارت میں مقیم معروف دفاعی تجزیہ نگار راہُل بیدی کہتے ہیں کہ کامیاب کارروائی کے لئے قوانین میں ترمیم کی ضرورت ہے۔
’’ماوٴ نواز باغی بھارت کے تقریباً چھہ سو اضلاع میں سے دو سو میں سرگرم عمل ہیں۔ ان کے خلاف کامیاب آپریشن کے لئے یہ ضروری ہے کہ مختلف ریاستوں کے درمیان تال میل ہو۔‘‘
راہل بیدی کے مطابق نکسل باغیوں کا کسی بھی علاقے پر مکمل کنٹرول نہیں ہے تاہم ان کا اثر بھارت کی کئی ریاستوں میں ہے۔’’ان کے خلاف موثر کارروائی کے لئے سیکیورٹی فورسز کو ماڈرن اسلحہ اور تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پورا سپورٹ کرنے کی ضرورت بھی ہے۔‘‘
بھارت کی جن ریاستوں میں نکسل باغی سرگرم عمل ہیں ان میں مغربی بنگال، چھتیس گڑھ، مہاراشٹر، بہار، آندھرا پردیش اور اڑیسہ بھی شامل ہیں۔
ابھی حال ہی میں مسلح نکسلیوں نے ریاست مہاراشٹر میں ایک حملے میں سترہ پولیس اہلکاروں کو ہلاک کردیا تھا جس کے بعد وہاں حفاظت کے انتظامات سخت کردئے گئے۔
گوہر نذیر گیلانی