جاپان: زلزلہ، ایک میٹر بلند سونامی لہر
7 دسمبر 2012خبر رساں ادارے اےایف پی نے بتایا ہے کہ آج مقامی وقت کے مطابق شام چھ بجے شمال مشرقی جاپان کے ساحلی علاقوں میں سمندر میں شدید زلزلہ آیا۔ امریکی ارضیاتی سروے USGS نے بتایا ہے کہ زلزلے کی شدت 7.3 ریکارڈ کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ 6.2 کی شدت کا ایک اور بھی جھٹکا آیا تھا۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ سونامی کی لہریں ساحلی شہر اشینوماکی سے ٹکرائی ہیں۔ یہ وہ شہر ہے، جو گزشتہ سال جاپان میں آنے والے سونامی سے بری طرح متاثر ہوا تھا۔ تب ہزاروں لوگ جاں بحق ہو گئے تھے۔
آج کے زلزلے کے بعد مقامی انتظامیہ نے ان علاقوں کے رہائشیوں کو گھر خالی کرنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کر دیں۔ ایک مقامی سرکاری اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا:"متاثرہ قصبوں میں صورتحال ابھی واضح نہیں ہے، موبائل اور لائن نمبر کام نہیں کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے لوگوں کے اصل حالات کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔ زلزلہ اتنی شدت کا نہیں تھا، جیسا کہ یہ بظاہر لگ رہا ہے اور اس کا 2011ء کے زلزلے سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا"۔
جاپان کے سرکاری ٹیلی وژن پر لوگوں کو بتایا گیا ہے کہ جب زمین ہلنے لگے اور ٹوکیو کی عمارات جھولنے لگیں تو گزشتہ سال کے سونامی اور زلزلے کو یاد کریں۔ اپنے ہمسایوں سے رابطہ کریں اور اونچے اور کھلے مقامات کا رخ کریں۔ سرکاری ٹیلی وژن نے بتایا کہ جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے بحرالکاہل کے ساحلی شہروں Iwate، Fukushima اور Aomori کے لیے سونامی کی وارننگ جاری کر دی ہے۔
گزشتہ سال کے سونامی میں فوکوشیما ڈائیچی پلانٹ کی تباہی کے نتیجے میں دنیا کو چرنوبل ری ایکٹر کی تباہی کے پچیس برس بعد کے شدید ترین ایٹمی حادثے کا سامنا کرنا پڑا تھا اور پانی اور ہوا تابکاری کے اثرات کی لپیٹ میں آ گئے تھے۔
آج کے زلزلے کے بعد بھی اس پلانٹ میں کام کرنے والے کارکنوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہو جانے کے لیے کہا گیا۔ واضح رہے کہ فوکوشیما بجلی گھر کی تباہی کے بعد سے جاپان کے50 ایٹمی بجلی گھروں میں سے دو کو چھوڑ کر باقی سبھی میں کام بند ہے اور ٹوکیو حکومت وہاں کیے گئے حفاظتی انتظامات کی جانچ پڑتال کر رہی ہے۔
آج کے زلزلے کے اثرات دارالحکومت ٹوکیو تک بھی محسوس کیے گئے۔ میاگی گزشتہ سال کے زلزلے اور سونامی کے بعد خبروں کا مرکز رہا تھا۔ آج کے زلزلے کے بعد کسی قسم کے نقصان کا جائزہ لینے کے لیے میاگی میں شنکانسین بلٹ ٹرین سمیت تمام ریل گاڑیوں کی آمد و رفت عارضی طور پر روک دی گئی تھی۔
گزشتہ سال مارچ کے سونامی میں زیر آب آ جانے والے سینڈائی ایئر پورٹ کے رَن ویز بھی عارضی طور پر بند کر دیے گئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق ناریٹا ایئرپورٹ پر بھی عارضی طور معطل کی گئی پروازیں دوبارہ بحال کر دی گئی ہیں۔ ہوائی میں قائم امریکی ارضیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ جاپان میں آنے والے زلزلے سے بحرالکاہل میں بڑے پیمانے پر سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔
(rk/aa(afp