1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں جنوری سے ایک عام خط پر ٹکٹ کی لاگت پچانوے سینٹ

17 نومبر 2024

جرمنی کی سب سے بڑی پوسٹل کمپنی ڈوئچے پوسٹ نے ایک عام خط یا پوسٹ کارڈ کے لیے ٹکٹ کی کم از کم مالیت میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ اگلے برس یکم جنوری سے اسٹینڈرڈ ٹکٹ کی مالیت موجودہ 85 سینٹ سے بڑھا کر 95 سینٹ کر دی جائے گی۔

https://p.dw.com/p/4mzMz
جرمنی میں ایک عام خط کے لیے ٹکٹ کی مالیت: اب تک پچاسی سینٹ، یکم جنوری دو ہزار پچیس سے پچانوے سینٹ
جرمنی میں ایک عام خط کے لیے ٹکٹ کی مالیت: اب تک پچاسی سینٹ، یکم جنوری دو ہزار پچیس سے پچانوے سینٹتصویر: Christian Ditsch/epd

ڈوئچے پوسٹ ڈاک کے شعبے کی سب سے بڑی جرمن کمپنی ہے، جو ماضی میں مکمل طور پر سرکاری انتظام میں کام کرتی تھی اور اسی لیے پوری طرح ملکی محکمہ ڈاک کا حصہ تھی۔ پھر کئی برس پہلے حکومت نے اس کی نج کاری کر دی تھی۔

ڈاکیے چاہے جرمن ہوں، کتے تو کاٹیں گے: سالانہ ڈیڑھ ہزار زخمی

ڈوئچے پوسٹ کی طرف سے جنوبی صوبے باویریا کے دارالحکومت میونخ میں بتایا گیا کہ کوئی عام خط بھیجنا، جسے جرمن زبان میں Standardbrief (یا اسٹینڈرڈ لیٹر) کہا جاتا ہے، ملکی صارفین کی طرف سے اس کمپنی کی سب سے زیادہ استعمال ہونے والی سروس ہے۔

ڈزنی کے سو سال، جرمنی میں گزشتہ برس جاری کردہ ایک ڈا‌ک ٹکٹ
ڈزنی کے سو سال، جرمنی میں گزشتہ برس جاری کردہ ایک ڈا‌ک ٹکٹتصویر: Schoening/IMAGO

اب تک ایک معیاری خط کے لیے ٹکٹ کی قیمت 0.85 یورو ہے، جو یکم جنوری 2025ء سے 10 سینٹ اضافے کے ساتھ 0.95 یورو کر دی جائے گی۔

ڈوئچے پوسٹ کا ’پیکٹ کاپٹر‘: ڈرون کے ذریعے ڈاک بھی

اسی طرح اب تک کوئی پوسٹ کارڈ صرف 0.7 یورو کی ٹکٹ لگا کر بھیجا جا سکتا تھا۔ آئندہ لیکن پوسٹ کارڈ کے لیے ٹکٹ کی مالیت بھی 95 سینٹ ہو گی۔

اضافے کے بعد بھی قیمت یورپی اوسط سے کافی کم

ڈوئچے پوسٹ کے اعلان کے مطابق نئے سال کے آغاز سے کسی عام خط کے لیے ٹکٹ کی قیمت اضافے کے بعد بھی ایسے ہی کسی خط کے لیے یورپی یونین کے رکن دیگر ممالک میں ادا کی جانے والی اوسط قیمت سے کافی کم  ہی رہے گی۔

جرمنی میں ایک ڈاکیے کا پوسٹل کنٹینر
ڈوئچے پوسٹ کی اعلان کردہ پوسٹل سروسز کی قیمتیں دو ہزار چھبیس کے آخر تک مؤثر رہیںن گیتصویر: Oliver Berg/dpa/picture alliance

یورپی یونین کے کسی رکن ملک میں مجموعی اوسط کے لحاظ سے کوئی پوسٹ کارڈ یا عام خط بھیجنے پر آنے والی لاگت 1.50 یورو ہوتی ہے۔

جہاں تک 50 گرام تک وزنی کسی خط کا تعلق ہے تو اس پر اگلے سال کے آغاز سے اب تک کے ایک یورو کے مقابلے میں 1.10 یورو لاگت آئے گی۔ اسی طرح کوئی بڑا خط اب 1.60 یورو کے بجائے 1.80 یورو کی ٹکٹ کے ساتھ بھیجا جا سکے گا۔

سانتا کلاز کے نام تیس ہزار خطوط، جرمن ڈاکخانے نے جواب دیے

اب تک پانچ کلو تک وزن والا کوئی بھی پارسل 6.99 یورو میں بھیجا جا سکتا تھا۔ آئندہ ایسے کسی پارسل کے لیے 7.69 یورو کی ٹکٹ درکار ہو گی۔

ڈوئچے پوسٹ کی مالک کمپنی ڈی ایچ ایل کے بون میں صدر دفاتر کی بلند و بالا عمارت
ڈوئچے پوسٹ کی مالک کمپنی ڈی ایچ ایل کے بون میں صدر دفاتر کی بلند و بالا عمارتتصویر: picture alliance/Panama Pictures

فیڈرل نیٹ ورک ایجنسی کی طرف سے منظوری باقی

ڈوئچے پوسٹ کا کہنا ہے کہ اس کی طرف سے اپنی پوسٹل سروسز کے نرخوں میں پچھلی مرتبہ اضافہ تین سال قبل کیا گیا تھا۔ لیکن اب یہ اضافہ اس لیے ناگزیر ہو گیا تھا کہ مجموعی طور پر مہنگائی بہت زیادہ ہو چکی ہے، کمپنی کے کارکنوں کی تنخواہوں میں کافی اضافہ بھی کرنا پڑا اور اب جرمنی میں صارفین میں ذاتی نوعیت کے رابطوں کے لیے خط لکھنے کا رجحان بھی کافی کم ہو چکا ہے، جس کا مطلب کمپنی کی آمدنی میں کمی ہے۔

ڈاکٹر روتھ فاؤ کی خدمات کا اعتراف، یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری

کمپنی کے مطابق نئے پوسٹل سروس چارجز دو سالہ مدت کے لیے 31 دسمبر 2026ء تک مؤثر رہیں گے۔ یعنی 2027ء سے ان میں ممکنہ طور پر دوبارہ اضافہ کیا جا سکے گا۔ جہاں تک چند ہفتے بعد نئے سال سے نافذ ہونے والے مجوزہ نرخوں کا تعلق ہے، تو نگران محکمے کے طور پر فیڈرل نیٹ ورک ایجنسی نامی جرمن ادارے نے ابھی تک ان کی منظوری نہیں دی، جو قانوناﹰ لازمی ہے۔

ڈوئچے پوسٹ اور ڈی ایچ ایل کے ذریعے بھیجے جانے والے پیکٹ ایک ڈسٹریبیوشن سینٹر میں ان کی منزلوں کے لحاظ سے علیحدہ علیحدہ کیے جا رہے ہیں
ڈوئچے پوسٹ اور ڈی ایچ ایل کے ذریعے بھیجے جانے والے پیکٹ ایک ڈسٹریبیوشن سینٹر میں ان کی منزلوں کے لحاظ سے علیحدہ علیحدہ کیے جا رہے ہیںتصویر: Rolf Vennenbernd/dpa/picture-alliance

ڈوئچے پوسٹ کی مالک کمپنی کا نام ڈی ایچ ایل (DHL) ہے، جو دنیا بھر میں کوریئر سروسز پیش کرنے والا ایک جرمن ادارہ ہے اور جس کے صدر دفاتر شہر بون میں جرمن نشریاتی ادارے ڈوئچے ویلے کے پہلو میں ہیں۔

م م / ش ر (روئٹرز، ڈی پی اے)