جرمنی میں ماحول دوست کارکنان کے مظاہرے
1 دسمبر 2018خبر رساں اداروں کے مطابق ہفتے کے دن جرمن دارالحکومت برلن اور کولون میں ہزاروں ماحول دوست مظاہرین نے تونائی کے شعبے میں کوئلے پر انحصار کو کم کرنے کی خاطر احتجاج کیا۔
منتظمین کے مطابق ان مظاہروں کا مقصد برلن حکومت پر زور دینا ہے کہ وہ کوئلے کے بجائے توانائی کے متبادل ذرائع پر توجہ مرکوز کرے۔ ناقدین کے مطابق کوئلے کے استعمال سے ماحول آلودہ ہوتا ہے، جو ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ بنتا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ’گرین پیس انٹرنیشنل‘ مہم سے وابستہ جینیفر مورگن کے حوالے سے بتایا کہ جرمنی کو سن دو ہزار تیس تک بتدریج کوئلے کا استعمال ختم کر دینا چاہیے۔
مورگن نے مزید کہا کہ نہ صرف جرمنی بلکہ دیگر ممالک کو بھی چاہیے کہ وہ متبادل توانائی کے ذرائع پر زیادہ سرمایہ کاری کریں۔ ان کے مطابق اس تناظر میں شمسی توانائی اور ونڈ پاور ماحول دوست ہیں اور ان پر توجہ مرکوز کرنا چاہیے۔
یہ مظاہرے ایک ایسے وقت پر منعقد کیے گئے، جب ہمسایہ ملک پولینڈ میں اقوام متحدہ کی ماحولیات سے متعلق ایک سمٹ کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ برلن حکومت نے کوئلے پر انحصار ختم کرنے کے لیے ایک منصوبہ پیش کرنا تھا تاہم متعلقہ کمیٹی اب یہ منصوبہ عالمی سمٹ کے بعد جاری کرے گی۔
ع ب / ش ح / خبر رساں ادارے