1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی: پانچ دن تک خوف پھیلانے والا زہریلا کوبرا پکڑا گیا

31 اگست 2019

جرمن شہر ہیرنے کے باسیوں کو قریب ایک ہفتے تک خوف میں مبتلا رکھنے والے زہریلے کوبرا سانپ کو پکڑ لیا گیا۔ جرمنی میں عام طور کوبرا سانپ نہیں پائے جاتے۔

https://p.dw.com/p/3OnQm
Monokelkobra
تصویر: picture-alliance/imagebroker/C. Carbillet

سانپ پکڑنے کے ماہر رونالڈ بائنر جب کوبرا کو زندہ پکڑ کر پلاسٹک کے ڈبے میں لے کر باہر آئے تو مقامیوں نے تالیاں بجا کر ان کا اسقتبال کیا۔ زہریلے کوبرا کو آخر کار فائر برگیڈ کی گاڑی میں رکھ کر لے جایا گیا تو سب نے سکھ کا سانس لیا جن میں رہائشی بھی شامل تھے، فائر بریگیڈ کا عملہ  اور صحافی بھی۔

سوا پانچ فٹ طویل کوبرا سانپ وفاقی جرمن ریاست نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے شہر ہیرنے میں قریب ایک ہفتہ قبل دیکھا گیا تھا۔ اپارٹمنٹ کی سیڑھیوں میں موجود سانپ کی واحد تصویر کولن بلیک نے کھینچی تھی۔ گزشتہ اتوار کے روز بلیک اور اس کی پارٹنر لیزا ماری نے اس زہریلے سانپ کو دیکھتے ہی فائر بریگیڈ کے عملے کو اطلاع دی لیکن اس دوران کوبرا وہاں سے غائب ہو گیا تھا۔

کوبرا سانپ کے فرار ہونے اور اس کی تلاش کی ناکام کوششوں کے دوران نہ صرف چار فلیٹس پر مشتمل عمارت کے مکین بلکہ شہر کے دیگر علاقوں کے لوگ بھی خوفزدہ ہو گئے تھے۔ رہائشی عمارت اور اس کے ارد گرد کے رہنے والے تیس افراد کو دیگر جگہوں پر منتقل کر دیا گیا اور اس جگہ کو عام افراد کی آمد و رفت کے لیے بھی بند کر دیا گیا تھا۔

امدادی ٹیموں نے کوبرا سانپ ڈھونڈنے کے لیے تمام جتن کیے لیکن وہ نہ ملا اور پھر رواں ہفتے جمعرات کے روز عمارت کے تہہ خانے کو مکمل سیل کر کے رہائشیوں کو واپس گھر آنے کی اجازت دے دی گئی۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ سانپ تہہ خانے ہی میں کہیں چھپا ہوا ہے لیکن پانی اور خوراک نہ ملنے پر وہیں مر جائے گا۔

Herne | Kobra in Mehrfamilienhaus gefunden
سانپ پکڑنے کے ماہر رونالڈ بائنر کوبرا کو زندہ پکڑ کر پلاسٹک کے ڈبے میں لے کر باہر آئےتصویر: picture-alliance/dpa/M. Kusch

عملے کی بات پر یقین کرتے ہوئے کچھ لوگ اپنے فلیٹس میں لوٹ بھی آئے۔ لیکن ماہرین کے اندازے غلط ثابت ہوئے اور کہانی میں ایک اور موڑ آیا۔

ہوا یہ کہ ایک شہری نے میئر سے شکایت کی کہ رہائشی عمارتوں کے ارد گرد بہت زیادہ گھاس ہے جس میں سانپ چھپ سکتا ہے۔ میئر کے احکامات کے بعد گھاس کاٹنے کی بھاری مشینوں کے ساتھ کٹائی شروع کر دی گئی۔

گھاس کاٹنے والے گاڑی سے پیدا ہونے والی تھرتھراہٹ کے سبب تہہ خانے کے باہر کنکریٹ کی ایک سلیب کے نیچے چھپا سانپ گھبرا کر باہر نکل آیا۔ فوری طور پر سانپ پکڑنے کے لیے ماہرین کو طلب کر لیا گیا اور یوں آخر کار کوبرا زندہ حالت میں پکڑا گیا۔

گاڑی سے کوبرا سانپ برآمد

جرمنی میں کوبرا؟

جرمنی میں پائے جانے والے سانپوں کی اقسام میں سے صرف دو زہریلی اقسام ہیں۔ کوبرا سانپ جرمنی میں نہیں پایا جاتا۔

شہری انتظامیہ کے مطابق یہ ایشیائی کوبرا ممکنہ طور پر سانپ پالنے کے شوقین ایک شخص کے پاس تھا جو اسے غیر قانونی طور پر جرمنی لایا تھا۔ تاہم اس شخص نے اس بات سے انکار کیا۔ انتظامیہ نے حفاظتی طور پر اس کے پاس موجود بیس سانپ قبضے میں لے لیے ہیں۔

شہری کتنے خوفزدہ تھے؟

ایشائی کوبرا سانپ کی تصویر دیکھتے ہی انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات شروع کر دیے اور مذکورہ رہائشی عمارت سمیت ارد گرد رہنے والے دیگر شہریوں کو بھی محتاط رہنے کی ہدایت کی۔

خبر سامنے آنے کے بعد سے لے کر سانپ پکڑے جانے تک علاقے میں خوف پایا جاتا تھا۔ انتظامیہ نے بھی زہر کش ادویات قریبی ہسپتال منتقل کر دی تھیں۔

بہر حال جمعے کے روز کوبرا کے پکڑے جانے کے بعد خوف کا خاتمہ ہوا اور تب سے مذکورہ رہائشی عمارت شہریوں کی توجہ کا مرکز بھی بنی ہوئی ہے۔

ش ح / ع ح (ڈی پی اے)