جرمنی کے انوکھے جزیرے
جرمنی کے ہالگ جزائر تواتر سے سیلابی پانی کی نذر ہوتے رہے ہیں اور ایسے میں فقط پہاڑیوں پر قائم عمارتیں باقی بچتی ہیں۔ جرمنی کے پاس ایسے دس انوکھے جزیرے ہیں۔
سب سے بڑا لانگینس جزیرہ
شروع کرتے ہیں نسبتاﹰ بڑے جزیرے سے۔ بحیرہ شمالی میں واقع جرمنی کے دس ہالگ جزائر میں آبادی اور رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا جزیرہ لانگینس ہے۔ یہ دس کلومیٹر لمبا اور تقریباﹰ ڈیڑھ کلومیٹر چوڑا ہے اور اس پر ایک سو دس افراد رہتے ہیں۔
بہت مرطوب
مصنوعی طور پر بلند کچھ گھر وہ مکانات ہیں، جو ان جزائر میں طوفانی دنوں میں زیرآب نہیں آتے۔ ہالگ جزائر کا بڑا حصہ طوفان کے وقت سمندری پانی کے نیچے چلا جاتا ہے، جسے مقامی افراد ’لینڈ انڈر‘ کے نام سے پکارتے ہیں۔ ایسے میں یہاں بسنے والے افراد اپنے مال مویشیوں سمیت مصنوعی بلند جگہ ماؤنڈ پر قائم گھروں میں چلے جاتے ہیں اور طوفان تھمنے اور پانی اترنے کا انتظار کرتے ہیں۔
ہالگ ہوگ
آپ یہاں مونڈز پر کئی گھر دیکھ سکتے ہیں۔ آپ یقیناﹰ سوچ رہے ہوں گے کہ اتنا علاقہ موجود ہے، تو لوگ ایک دوسرے کے اتنے قریب کیوں گھر تعمیر کرتے ہیں۔ اس کا جواب ہے طوفان۔ وہ ماؤنڈ جہاں گھر قائم ہوں، پانی سے بچتے ہیں۔
بہت خوب صورت
پانچ اعشاریہ سات مربع کلومیٹر کا ہالگ ہوگ جزیرہ، گو کہ لانگینس کا قریب نصف ہے، مگر یہاں کی آبادی سو ہے یعنی لانگینس کے تقریباﹰ برابر۔ ہوگ ہر سال چالیس ہزار سیاحوں کی مہمان نوازی کرتا ہے۔
گرؤڈے، ایک جزیرے پر چار گھر
ہانگ جزائر میں تیسرا نمبر جاتا ہے، گرؤڈے کو۔ یہ ڈھائی اسکوائر کلومیٹر کا جزیرہ ہے، جہاں چار رہائشی مکانات میں ایک درجن سے بھی کم افراد رہتے ہیں۔ یہاں چرچ ہے، قبرستان ہے اور ایک خالی اسکول ہے۔
اولانڈ جزیرہ، زیادہ آبادی کم جگہ
ہانگ اولانڈ کا مجموعی رقبہ دو مربع کلومیٹر ہے۔ مگر یہاں بسنے والے افراد کی تعداد گرؤڈے جزیرے سے زیادہ ہے، یعنی تقریباﹰ بیس۔ یہاں اولانڈ ورافٹ ماؤنڈ پر اٹھارہ مکانات ہیں۔ یہ چھٹیاں گزارنے کی بھی بہترین جگہ ہے۔ یہاں ایک کمیونٹی سینٹر، ایک چرچ، ایک لائبریری اور ایک ریستوران ہے، جب کہ 40 سیاحوں کے رات گزارنے کے لیے جگہ بھی۔
چھوٹا اور خوشگوار، نورڈشٹرنڈشمور
دو مربع کلومیٹر سے کم زمین کا حامل جزیرہ نورڈ شٹرنڈشمور رقبے میں تو اولانڈ کے قریب ہے، مگر یہاں چار مونڈز ہیں، جن پر بیس رہائشی آباد ہیں۔ یہاں ایک چھوٹا سا اسکول اور مٹھی بھر طلبہ ہیں۔
ہیمبرگ ہالگ، زیادہ کچھ نہیں چل رہا
اس چھوٹے سے جزیرے پر ایک بہت بڑا گھر تعمیر ہے۔ یہ جزیرہ رقبے میں قریب ایک مربع کلومیٹر کا ہے اور یہاں آبادی نہیں ہے۔ مگر یہاں کا ریستوران ’ہالگ کروگ‘ موجود ہے، جو ایسٹر سے اکتوبر کے آخر تک کھلا رہتا ہے۔ اس ریستوران کی دیکھ بھال فطرت اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کی یونین NABU کرتی ہے۔ ہیمبرگ ہالگ پر عموماﹰ خاموشی ہی ملے گی۔
ہالگ زؤڈےروگ پر آبادی میں اضافہ
زوڈےروگ جزیرہ ہالنگ کی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر ہے۔ یہ صفر اعشاریہ چھ مربع کلومیٹر کا ہے۔ مگر یہاں آبادی بڑھ رہی ہے۔ ستمبر 2013 میں یہاں ایک جوڑا منتقل ہوا تھا اور اب دو بچوں کے ساتھ رہ رہا ہے۔ یہ جزیرہ اپنی شکل کی وجہ سے ’بحیرہ شمالی کا دل’ کہلاتا ہے۔ یہاں آپ شادی بھی کر سکتے ہیں۔
ہالگ زوڈفال
زوڈفال جزیرہ ایک کلومیٹر کے قریب لمبا اور چھ سو میٹر تک چھوڑا ہے یعنی یہاں کا مجموعی رقبہ تقریباﹰ نصف مربع کلومیٹر ہے۔ یہاں ایک ماؤنڈ ہے جس پر ایک گھر تعمیر ہے۔ یہاں ایک خاندان رہتا ہے، مگر فقط موسم گرما میں۔
ہالگ نورڈے روگ
یہ قریب صفر اعشاریہ صفر نو مربع کلومیٹر کا جزیرہ ہے، جو جزائر ہالگ کی فہرست میں نویں نمبر پر ہے۔ یہ واحد ہالگ جزیرہ ہے، جس پر ماؤنڈ موجود نہیں۔ یہاں آپ کو فقط پرندے اور ان کا فضلہ ملے گا۔ بریڈنگ سیزن کے بعد آپ اس جزیرے پر آ سکتے اور گھوم پھر سکتے ہیں۔
ہالگ ہابیل
ہالگ جزائر میں سب سے چھوٹا ہابل جزیرہ ہے۔ آپ یہاں گھوم پھر نہیں سکتے۔ کیوں کہ اگر آپ پرندے نہیں ہیں، تو آپ کو خوش آمدید نہیں کہا جائے گا۔