جرمن اصطلاح ’پوٹن فرسٹیہر‘ دنیا بھر میں استعمال ہونے لگی
8 اپریل 2022اگر آج کے دور میں وکیپیڈیا میں کسی لفظ کے اندراج کو قبولیت کی مثال تصور کیا جانا چاہیے، تو دنیا کو انگریزی زبان کے اس نئے صفحے کی تلاش کرنی چاہیے جو ایک جرمن لفظ ’پوٹن فرسٹیہر‘ کے لیے مختص ہے، جس کے لفظی معنی ہیں 'پوٹن کا ہمدرد‘ یہ اصطلاح روس کے صدر ولادیمیر پوٹن کے نام کو جرمن لفظ 'فرسٹیہر‘ کے ساتھ جوڑتی ہے، جس کا مطلب ہے سمجھنے والا۔
اس کی ایک واضح مثال لفظ 'لوگن پریسے‘ بھی ہے جو نازی دور کی ایک مشہور لیکن غیر مناسب اصطلاح ہے۔ جس کے لفظی معنی ہیں 'جھوٹ بولنے والی پریس‘ اور اس لفظ کو ان میڈیا رپورٹس کو جھوٹا ثابت کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا جو اس دور کے نظریات سے اختلاف رکھتے تھے۔ حالیہ برسوں میں، اس اصطلاح کا انتہائی دائیں بازو کی آلٹرنیٹیو فار جرمنی پارٹی اور امریکہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کے درمیان دوبارہ استعمال شروع ہوا ہے۔
دی ایکانومسٹ کے ایک حالیہ آرٹیکل کے مطابق جب جرمن زبان میں کسی لفظ کے آخر میں فرسٹیہر لگایا جاتا ہے تو یہ عام طور پر ستم ضریفی اور خوشامد کے زمرے میں آتا ہے۔ اس کی ایک اور مثال 'فراؤ فرسٹیہر‘ یعنی عورت کو سمجھنے والا لفظ اس مرد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جو عورتوں کے ساتھ اپنے تعلقات کی بہت زیادہ تشہیر کرتا ہو۔
سیاسی منظر نامے میں
یہ جذبات جرمنی کے پورے سیاسی منظر نامے میں محسوس کیے جا سکتے ہیں، خاص طور پر عوامیت پسند پارٹیوں میں۔ اگرچہ کریمیا کے الحاق کے بعد کچھ سیاست دان جن پر 'پوٹن فرسٹیہر‘ کا لیبل لگایا گیا تھا شاید پیچھے ہٹ گئے ہیں یا کم از کم عوامی سطح پر اپنی حمایت کا اظہار کرنا چھوڑ دیا ہے۔
یورپ کی بہت سی انتہائی دائیں بازو کی سیاسی جماعتوں کی طرح اے ایف ڈی کے ارکان نے حالیہ برسوں میں روس کے ساتھ قریبی تعلقات برقرار رکھے ہیں۔ یوکرین پر حملے کے بعد تاہم اس پارٹی نے ایک ہی پوزیشن اپنانے کے لیے جدوجہد کی۔
جرمنی کی بائیں بازو کی پارٹی کی سابق شریک رہنما ساحرہ ویگنکنیٹ، پوٹن کے اقدامات کو درست ثابت کرنے کی کوشش کرنے کے لیے بھی مشہور تھیں۔ انہوں نے فروری کے ماہ میں روس کے یوکرین کے حملے سے کچھ دن قبل، ایک ٹاک شو میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ''شاید ہمیں صرف روس کو سنجیدگی سے لینا چاہیے اور اس کا احترام کرنا چاہیے کہ اس کے سیکیورٹی مفادات ہیں۔‘‘
پوٹن فرسٹیہر ماضی میں بھی استعمال ہوتا رہا
لیکن اس لفظ کا استعمال ابھی شروع نہیں ہوا۔ روس کے یوکرین پر حملے اور وکیپیڈیا میں اس کی شمولیت سے پہلے بھی انگریزی لکھنے والے لکھاری اپنے آرٹیکلز میں اس کا استعمال کرتے رہے ہیں۔
ہیوسٹن یونیورسٹی میں اکنامکس کے پروفیسر پال گریگوری جن کا فوربس پر بلاگ ہے، نے اپریل 2014 میں ایک مضمون کے عنوان میں یہ اصطلاح استعمال کی تھی، 'شیطان کے ساتھ ہمدردی‘ جرمنی کے پوٹن فرسٹیہر نے روس کو کیسے ڈھالا۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ کس طرح اعلیٰ سطح کے جرمن سیاستدانوں نے روس کی حکومت کے خراب انسانی حقوق کے ریکارڈ اور کریمیا کے الحاق کے باوجود روس کا ساتھ دیا۔
گریگوری نے سابق جرمن چانسلر گیرہارڈ شروڈر کا حوالہ بھی دیا۔ شروڈر کو نورڈ اسٹریم گیس پائپ لائن منصوبے کا ماسٹر مائنڈ بھی کہا۔ انہیں روسی صدر کا ذاتی دوست سمجھا جاتا ہے۔ جب روس نے یوکرین پر حملہ کیا، شروڈر نے ایسا کوئی بھی تبصرہ کرنے سے گریز کیا جس سے روسی حکومت پر تنقید کا کوئی پہلو نکلتا۔ اس بات کے احتجاج میں ان کے دفتر کے تمام ملازمین نے استعفیٰ دے دیا۔
لیکن یوکرین کی جنگ میں روزانہ نئے مظالم کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔ جن میں شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ اور بچہ میں اجتماعی قبروں کی خبریں شامل ہیں۔ اس سب کے پیشِ نظر جرمنی میں خود شروڈر پر پابندی کے مطالبات بڑھ رہے ہیں۔
سارہ ہکل الزبتھ (رب/ع س)